Monday , September 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ہر شخص کو ایک پودا لگانا چاہئے

ہر شخص کو ایک پودا لگانا چاہئے

کریم نگر میں شجرکاری پروگرام سے ایس پی زوئیل ڈیوس کی مخاطبت
کریم نگر 15 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عبادت گاہوں، مساجد، منادر، گرجا گھروں اور گردواروں کی تعمیر کے بعد ہندو مسلم سکھ عیسائی وہاں جاکر عبادت کرتے ہیں۔ ان عبادت گاہوں میں اگر ایک ایک پودا لگایا جائے تو وہ آگے چل کر تناور درخت بن سکتا ہے اور آنے والی نسل کے سبھی مذاہب کے لوگ اس کی چھاؤں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس لئے ہم کو بھی چاہئے کہ ہر کوئی کم از کم ایک پودا لگائے۔ ان خیالات کا اظہار کریم نگر کے ایس پی زوئیل ڈیوس نے کریم نگر کے پولیس تربیتی مرکز میں کیا۔ انھوں نے کہاکہ پولیس تربیتی مرکز میں پودا لگاتے ہوئے اس کی حفاظت کی جارہی ہے تاکہ ماحولیات کو آلودگی سے بچایا جاسکے اور شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکے۔  انھوں نے کہاکہ پولیس ملازمین کی تربیت کے لئے مختص کردہ 40 ایکر اراضی میں راستوں کے دونوں جانب چار پانچ سال قبل لگائے گئے 3500 پودے آج کافی بڑے ہوگئے ہیں اور ماحول ہرا بھرا سرسبز و شاداب دکھائی دے رہا ہے۔ اس مرکز کی خالی 12 ایکر اراضی میں 6550 پودے لگاتے ہوئے اس کی خصوصی نگرانی کی جارہی ہے۔ یہ پودے محکمہ جنگلات کے مشورہ پر لگائے گئے تھے۔ زوئیل ڈیوس نے کہاکہ ریاستی حکومت کا انتہائی اہمیت کے حامل روبہ عمل پروگرام ہریتا ہارم کی کامیابی کے لئے محکمہ پولیس تعاون کرے گا اور گود لئے گئے مواضعات میں مسلسل شجرکاری پروگرام میں حصہ لے کر پودوں کی حفاظت کی کوشش کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ ہریتا ہارم پروگرام کی کامیابی کے لئے محکمہ پولیس ہرممکنہ کوشش کررہا ہے۔ چنانچہ امسال بھی پولیس تربیتی مرکز میں خالی اراضی پر دوبارہ 3500 پودے لگائے جارہے ہیں۔ ان پودوں کی حفاظت کے سلسلہ میں پانچ افراد کو ذمہ داری دی گئی ہے وہ گھاس صاف کرکے پودوں کی آبیاری کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT