Tuesday , September 26 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ہر گھرمیں پینے کے پانی کی سربراہی کا تیقن

ہر گھرمیں پینے کے پانی کی سربراہی کا تیقن

ناگرکرنول۔16جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی ناگرکرنول کے ہر ذرہ کو زرعی آب سے سیراب کرنااور ہر گھر میں پینے کے پانی کی سہولت کو فراہم کرنا ہی عین مقصد ہے ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی ناگرکرنول شری مری جناردھن ریڈی نے کیا ۔مستقر کے اپنے قیامگاہ پر منعقدہ اخباری نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سابقہ حکمرانوں پر اس علاقے میں درپیش زرعی آب و پینے کے پانی کے مسئلہ کی طرف کوئی توجہ نہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے پانچ سالوں میں ہر گھر کو پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائیگی بصورت دیگر عوام سے ووٹ بھی نہیں مانگیں گے۔امساک باراں کے مسئلہ کے پیش نظر حکومت نے ضلع کوایک سوکروڑ روپئے کی رقمی منظوری کا تیقن دیاہے جس کے تحت ہر حلقے کو چھ کروڑ روپئے فراہم ہوں گے اور پہلے مرحلے کے تحت دو کروڑ روپئے جاری ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی شدید قلت کے باعث ایم جے آر ٹرسٹ کی جانب سے 20واٹر ٹینکر کے ذریعے پینے کے پانی کی سربراہی کی جائیگی۔انہوں نے آنے والے ماہ میں ہونے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آرایس کی بھاری اکثریت سے جیت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ شہر حیدرآباد کو عالمی اور بغیر سگنل کے شہر کے طور پر تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین جے رگھو نندن ریڈی، کرمیا، بھاسکر ریڈی ودیگر نے حصہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT