Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / ہر گھر میں برقی سربراہی کیلئے سوبھاگیہ اسکیم

ہر گھر میں برقی سربراہی کیلئے سوبھاگیہ اسکیم

آزادی کے 70 سال بعد بھی 4 کروڑ خاندان برقی سے محروم : مودی
نئی دہلی ۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج 16,320 کروڑ روپئے کی ’’پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا‘‘ (سوبھاگیہ) کا آغاز کیا جس کے ذریعہ ڈسمبر 2018ء تک دیہی اور شہری علاقوں میں 4 کروڑ سے زائد خاندانوں کو برقی کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے آج سوبھاگیہ اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کی زندگی میں تاریخی تبدیلی لانے کیلئے 16000 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آزادی کے 70 سال بعد بھی 25 کروڑ خاندانوں کے منجملہ 4 کروڑ تک بجلی کی رسائی نہیں ہوسکی۔ اس اسکیم کے تحت حکومت ڈسمبر 2018ء تک تمام گھروں کو برقی کنکشن فراہم کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ اس سے پہلے مارچ 2019ء کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ اسکیم ہمارے کام کرنے کے انداز اور ہمارے حوصلے کی مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت تمام غریب خاندانوں کو مفت برقی کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے برقی شٹ ڈاؤن اور برقی پلانٹس میں کوئلہ کی قلت کی خبریں نمایاں مقام حاصل کرتی تھی لیکن اب صورتحال یہ ہوگئی ہیکہ ہمارا ملک برقی قلت سے نکل کر فاضل برقی کا حامل بننے جارہا ہے۔ وزیراعظم نے او این جی سی پر زور دیا ہیکہ وہ 100 کروڑ روپئے اسٹارٹ اپ فنڈس کو استعمال میں لاتے ہوئے دوست ماحول برقی پکوان کی اشیاء تیار کرے۔ اس سے ایندھن کے استعمال میں کمی ہوگی۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہیکہ سوبھاگیہ پراجکٹ کے مجموعی مصارف 16,320 کروڑ روپئے ہوں گے جبکہ مجموعی بجٹ مدد 12,320 کروڑ روپئے کی ہوگی۔ استفادہ کنندگان کی شناخت 2011 کی سماجی، معاشی اور ذات پات پر مبنی مردم شماری کی بنیاد پر ہوگی۔ ایسے گھر جو استفادہ کنندگان کے زمرہ میں نہیں آتے لیکن وہ برقی سے محروم ہے، انہیں بھی 500 روپئے کی ادائیگی پر برقی کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔ یہ رقم ڈسکامس 10 اقساط میں ماہانہ برقی بلز کے ذریعہ وصول کریں گے۔ ایسے دوردراز علاقے جہاں برقی سربراہی نہیں ہے، انہیں سولار پاور پیاکس فراہم کئے جائیں گے جو 5 ایل ای ڈی لائٹس، ایک ڈی سی فیان اور ایک ڈی سی پاور پلک پر مشتمل ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT