Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / ہلاری نے ٹم کین کو اپنا نائب صدارتی امیدوار منتخب کرلیا

ہلاری نے ٹم کین کو اپنا نائب صدارتی امیدوار منتخب کرلیا

دفاع اور خارجی اُمور کے ماہر ساتھی ، صدارتی مہم میں ڈونالڈ ٹرمپ ٹیم کے خلاف ہماری مہم کے ایک جنگجوں ہوں گے

واشنگٹن۔ 23 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزدگی کی امیدوار ہلاری کلنٹن نے اپنے نائب صدارتی امیدوار کا اعلان کردیا۔سابق امریکی خاتون اول اور وزیرخارجہ ہلاری کلنٹن نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں ورجنینیا سے سینیٹر منتخب ہونے والے ٹم کین کو اپنا نائب بنانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ میں ٹم کین کو نائب صدارتی امیدوار نامزد کرتے ہوئے بہت پر جوش ہوں۔ 58 سالہ ٹم کین امریکی تاریخ میں ان 20 لوگوں میں شامل ہیں جو اپنے سیاسی کیریئر میں میئر، گورنر اور سینیٹر رہے۔ 2012 سے سینیٹ میں موجود ٹم کین اہم ترین خارجہ تعلقات کمیٹی اور آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن رہے ہیں۔ ٹم کین ہسپانوی زبان بھی روانی سے بولتے ہیں اور ہلاری کلنٹن کیلئے انہیں نامزد کرنا ہسپانوی ووٹرز کو خوش کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹم کین نائب صدر کیلئے بہتر انتخاب نہیں، خود ٹم کین اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ انتہائی بورنگ شخص ہیں۔ وہ عیسائیوں کے کیتھولک فرقے سے تعلق رکھتے ہیں

اور ان کے خیالات پر عقیدے کا اثر دیکھا جاسکتا ہے۔ ٹم کین سزائے موت کے خلاف ہیں لیکن جب وہ خود گورنر تھے تو سزائے موت پر پابندی عائد نہیں کی تھی۔ ٹم کین اسقاط حمل کے بھی خلاف ہیں۔ وہ ٹرانس پیسیفک تجارتی پارٹنرشپ (ٹی ٹی پی) کے حامیوں میں سے ہیں جبکہ ہلاری کلنٹن اور ٹرمپ اس کے خلاف ہیں۔ ٹم کین کی اہلیہ ریاست ورجینیا میں سیکریٹری تعلیم ہیں۔ ٹم کین کے والد کنساس شہر کے نواحی علاقے میں ویلڈر کا کام کرتے تھے۔’ اے ایف پی‘ کے مطابق ٹم کین کا انتخاب ہلاری کلنٹن کو ہسپانوی ووٹرز کو خوش کرنے اور ورجینیا میں کامیابی دلا سکتا ہے۔امریکی صدارتی انتخاب میں صدر اور نائب صدر کی حتمی نامزدگی کیلئے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کا انعقاد 25 سے 28 جولائی 2016 تک ریاست فلاڈلفیا میں منعقد ہوگا۔اس موقع پر حتمی نامزدگی حاصل کرنے کیلئے امیدوار کو 4,769 میں سے کم سے کم 2,383 ڈیلی گیٹس حاصل کرنے ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ری پبلکن پارٹی نے 8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب مائیک پینس ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT