Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / ہلاری ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب

ہلاری ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب

۔2383 سے زیادہ مندوبین کی تائید حاصل، اولین خاتون صدر امریکہ بننے کے امکانات روشن

لاس اینجلس۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلاری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار بننے کے لیے درکار مندوبین کی مطلوبہ تعداد حاصل کر لی ہے۔ ہلاری کلنٹن کے حمایتی مندوبین کی تعداد 2,383 ہوگئی ہے جس کے بعد وہ اپنی جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کر سکتی ہیں۔ اس نامزدگی کی صورت میں ہلاری وہ پہلی خاتون ہوں گی جو امریکی صدر کے انتخابات کے لیے کسی مرکزی جماعت کی امیدوار بنیں گی۔ دوسری جانب نامزدگی کے حصول کے لیے ہلاری کے مخالف اور ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر برنی سینڈرز نے جولائی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن تک نامزدگی کی دوڑ میں رہنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہلاری ابھی نہیں جیتی ہیں اور نتیجے کا انحصار ان ’سپر ڈیلیگیٹس‘ پر ہی ہے

جو جماعتی کنونشن تک ووٹ نہیں دے سکتے۔ امریکہ میں سیاسی جماعتیں اپنے حتمی امیدوار کا فیصلہ جماعتی کنونشن میں ہی کرتی ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ہلاری کلنٹن کی پورٹوریکو میں بڑی فتح کے بعد پارٹی میں ان کے حامی سپر ڈیلیگیٹس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سپر ڈیلیگیٹس جماعت کے وہ ارکان ہوتے ہیں جو جماعتی کنونشن سے قبل کسی امیدوار کی حمایت کا اعلان تو کر سکتے ہیں لیکن کنونشن تک ان کے حق میں ووٹ نہیں دے سکتے۔سابق امریکی خاتونِ اول برنی سینڈرز سے 30 لاکھ ووٹوں سے آگے ہیں اور انھیں سینڈرز کے مقابلے میں 523 سپر ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہے۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد کیلیفورنیا میں بات کرتے ہوئے ہلاری کلنٹن نے کہا ’ہم ایک تاریخی اور بے مثال لمحے کے دہانے پر ہیں لیکن ہمیں ابھی اور کام کرنا ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا ’ ہمارے پاس کل کیلئے  چھ انتخابات ہیں اور ہم خاص طور پر کیلیفورنیا میں ایک ایک ووٹ کے لیے جان لڑا دیں گے۔‘ واضح رہے کہ امریکی ووٹرز منگل کو چھ امریکی ریاستوں کیلیفورنیا، مونٹانا، نیو میکسیکو، شمالی ڈکوٹا، جنوبی ڈکوٹا اور نیو جرسی میں ووٹ ڈالیں گے۔ برنی سینڈرز کی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ ہلاری کلنٹن کی حمایت کرنے کا وعدہ کرنے والے سپر ڈیلیگیٹس کو اپنا حامی بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ برنی سینڈرز کے ترجمان مائیکل بریگز نے کہا کہ سپر ڈیلیگیٹس کے ووٹوں سے قبل ڈیموکریٹک مقابلے کو ختم کہہ دینا جلد بازی ہے۔انھوں نے کہا کہ کنوینشن تک ہمارا یہ کام ہے کہ ہم سپر ڈیلیگیٹس کو یہ باور کرائیں کہ ڈونالڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کے لیے برنی بہت زیادہ مضبوط امیدوار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT