Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / ہلاری کلنٹن کو وائٹ ہاؤز سے دور رکھنا اولین ترجیح : ٹرمپ

ہلاری کلنٹن کو وائٹ ہاؤز سے دور رکھنا اولین ترجیح : ٹرمپ

واشنگٹن۔ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلیکن کے امکانی نامزد کئے جانے والے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کل بھی لب کشائی کی تو کسی کی دلآزاری کیلئے۔ انہوں نے ڈیموکریٹک حریف ہلاری کلنٹن کے بارے میں کہا کہ ایک ایسا وائٹ ہاؤز جہاں ہلاری صدر کے روپ میں موجود ہوں گی، وہ کچھ اور نہیں بلکہ ’’اوباما کے ذریعہ کی جانے والی تباہیوں کی توسیع‘‘ ہوگی۔ ہلاری کلنٹن کے بارے میں جب یہ معلوم ہوا کہ وہ ڈیموکریٹک کی صدارتی امیدوار نامزد کئے جانے کے بالکل قریب پہنچ چکی ہیں تو ٹرمپ نے ان کے خلاف زہرافشانی شروع کردی۔ ہلاری کلنٹن کے امریکہ کی پہلی خاتون صدر بننے کے امکانات روشن نظر آرہے ہیں۔ 69 سالہ ٹرمپ نے کہا کہ ہماری پہلی اور آخری کوشش یہی ہوگی کہ ہلاری وائٹ ہاؤز میں قدم نہ رکھ سکیں۔ آج امریکی معیشت بدحالی کا شکار ہے۔ امریکہ پر 19 کھرب ڈالرس کے قرضوں کا بوجھ ہے۔ ہمارا انفراسٹرکچر تباہ حال ہے۔ ہمارے اسکولوں کا بُرا حال ہے۔ جرائم میں اضافہ ہوچکا ہے اور عوام خوف زدہ ہیں، لہذا اگر ہم چاہتے ہیں کہ اوباما کی پالیسیوں کو مزید توسیع نہ ملے تو ہلاری کو وائٹ ہاؤز سے دور رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پولس یہ بتاتے ہیں کہ انہیں (ٹرمپ کو) ہلاری پر سبقت حاصل ہے۔ لہذا عوام سے اُمید کرتا ہوں کہ وہ ان کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنی تائید کو مستحکم کریں۔ ٹرمپ نے برنی سینڈرس سے بھی تعاون کی اپیل کی جو اپنی تمام پرائمریز کے شکست خوردہ ہیں۔

TOPPOPULARRECENT