Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / ہماچل میں گائے کے اسمگلر کا قتل

ہماچل میں گائے کے اسمگلر کا قتل

پانچ افراد کی گرفتاری کے بعد ہجوم نے مارپیٹ کی ، 4 زخمی اسپتال میں زیر علاج
ناہن(ہماچل پردیش) ۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)گائے کے ایک مبینہ اسمگلر کو ہجوم نے شدید زدوکوب کرتے ہوئے ہلاک کردیا جبکہ اس کے 4 ساتھیوں کو مقامی پولیس نے آج ہماچل پردیش کے ضلع سرمائور کے جنگلات میں لگ بھگ چار گھنٹے کے تعاقب کے بعد مقامی لوگوں کی مدت سے پکڑ لیا۔ ڈی ایس پی پچاڑ یوگیش رولتا نے کہا کہ گائے کے پانچ اسمگلروں کو جن پر مقامی لوگوں نے حملہ کردیا تھا، انہیں گرفتار کرکے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 گایوں اور 10 بیلوں کو لے جانے والا ایک ٹرک مقامی لوگوں نے دیکھا اور اس گاڑی کا تعاقب کیا۔ اپنے آپ کو مشکل میں محسوس کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور نے مبینہ طور پر ایک گاڑی کو پیچھے سے ٹکر دینے کی کوشش کی لیکن پولیس اور مقامی لوگوں نے تعاقب جاری رکھا جس کے نتیجہ میں ٹرک ڈرائیور نے اپنی گاڑی لواسا چوکی چوراہے پر روک دی اور بتایا جاتا ہے کہ بعض گایوں کو ٹرک سے باہر ڈھکیل دیا۔ ایک گائے وہیں فوت ہوگئی جبکہ پانچ دیگر کو شدید زخم آئے۔ ٹرک کو وہیں چھوڑدینے کے بعد پانچ مبینہ گائے اسمگلروں نے لواسا چوکی کے ایک قریبی جنگل میں پناہ لی جو سراہن۔چندی گڑھ روڈ سے متصل ہے۔ پولیس نے مقامی دیہاتیوں کی مدد سے تمام پانچ گائے اسمگلروں کو کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد گرفتار کرلیا۔ پولیس کے ذرائع نے کہا کہ دیہاتی جو پولیس ملازمین کے مقابلہ میں بہت بڑی تعداد میں تھے، انہوں نے گائے کے اسمگلروں پر قابو پاتے ہوئے انہیں پیٹنا شروع کردیا۔ جب زخمی اسمگلروں کو سراہن اسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں گرفتار اشخاص میں سے ایک 28 سالہ نعمان متوطن موضع رام پور، ضلع سہارن پور(اترپردیش) زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پچاڑ پولیس نے آئی پی سی کے سیکشن 302کے تحت قتل کا مقدمہ متوفی نعمان کے رشتہ دار عمران کی شکایت پر درج کرلیا ہے۔ نعمان کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ ڈی ایس پی رولتا نے بتایا کہ دیگر 4 ملزمین جن پر گائے کی اسمگلنگ کا الزام ہے، ٹرک ڈرائیور محمد نشو (37 سال)، 22 سالہ گلزار، 20 سالہ سلمان اور 24 سالہ گلفام ہیں۔ یہ تمام ضلع سہارن پور کے موضع رام پور کے رہنے والے ہیں۔ انہیں مقامی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ ان تمام ملزمین کے خلاف جانوروں پر مظالم کے انسداد سے متعلق قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس ٹرک کو قبضہ میں لے لیا جس میں بیلوں اور گایوں کو منتقل کیا جارہا تھا۔

TOPPOPULARRECENT