Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہمیں اپنی بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت : شعیب ملک

ہمیں اپنی بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت : شعیب ملک

کولکتہ کی پچ توقع کے برخلاف رہی، کوہلی کی ستائش ، پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز کا بیان
کولکتہ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایڈن گارڈن کی پچ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی بلے باز شعیب ملک نے روایتی حریف ہندوستان کے خلاف اپنی ٹیم کی شکست کیلئے بلے بازوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ ملک نے ٹیم انڈیا کے خلاف 6 وکٹس سے شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ ہم کو کچھ شعبوں خاص طور پر بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، حالانکہ کولکتہ کی پچ پر بیٹنگ مشکل کام تھا لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم مزید بہتر مظاہرہ کرسکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مشکل پچ پر ہندوستانی ٹیم نے جو بہتر کارکردگی دکھائی ہے، اسی نے انہیں کامیابی دلائی ہے۔ ملک نے ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے اس خیال سے اتفاق کیا کہ پچ سے اسپنرس کو جیسی مدد مل رہی تھی، وہ حیرت انگیز تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو ایسی پچ کی امید نہیں تھی۔ خود دھونی نے بھی اسی خیال کا اظہار کیا ہے۔ ہمارا یہ خیال تھا کہ پچ ویسی ہی ہوگی جیسی ہمیں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ملی تھی۔ شعیب ملک نے کہا کہ ہم انسان ہیں اور صرف یہ قیاس کرسکتے ہیں کہ ہمارے لئے پچ کیسی ہوگی۔

پچ کو دیکھنے سے یہ محسوس نہیں ہورہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش میچ کی پچ کے برخلاف ہوگی۔ دراصل یہ مزید بہتر آرہی تھی، تاہم ایسا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جو ہمارے قابو میں نہیں ہے، لیکن ایک بات طئے ہے کہ ہمیں اپنی بیٹنگ میں بہتری پیدا کرنی کی ضرورت ہے۔ شعیب ملک نے تین نمبر پر بیٹنگ کرنے کپتان آفریدی کے فیصلہ کی مدافعت کی اور کہا کہ ٹوئنٹی 20 ایسا کھیل ہے جہاں لچکدار موقف ضروری ہے۔ ہمارے اوپنرس نے زیادہ اوورس تک بیٹنگ کی اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں آفریدی نے جیسی بیٹنگ کی تھی، اس کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ایک کپتان کو اپنی ٹیم کیلئے مثال بننا چاہئے۔ چونکہ پچ کی حالت خراب تھی، اسی لئے آفریدی نے آگے کھیلنا کا فیصلہ کیا۔ شعیب ملک نے شکست کیلئے بولرس کو ذمہ دار قرار دینے سے انکار کیا اور اس خیال کی بھی نفی کی کہ بارش کی وجہ سے ٹیم کے امکانات متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ویراٹ کوہلی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اسٹار ہندوستانی بلے باز ہی دونوں ٹیموں کے مابین فرق بن گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT