Tuesday , May 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ’’ہم آئی پی ایل ٹروفی کیساتھ ایڈن گارڈن پہونچیں گے ‘‘

’’ہم آئی پی ایل ٹروفی کیساتھ ایڈن گارڈن پہونچیں گے ‘‘

اب تین میچ جیتنا ہے جو دشوار ہے لیکن ناممکن نہیں : شاہ رخ خان
کولکتہ۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے مالک اور بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی ٹیم اس سال کا آئی پی ایل خطاب جیت لے گی اور کھیل کے لئے نہیں بلکہ جشن فتح منانے کے لئے ایڈن گارڈنس واپس آئے گی۔ فلمی شوٹنگ کی بے پناہ مصروفیات کے سبب شاہ رخ خان صرف کل رات ہی کے کے آر کے ایک میچ کے موقع پر ایڈن پر موجود تھے جہاں ان کی ٹیم کو ممبئی انڈینس کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔ شاہ رخ نے ایڈن گارڈن سے واپسی کے موقع پر کہا کہ ’’مداحوں نے ہر میچ میں جس انداز میں ہماری مدد کی ہے، اس کی بدولت آئی پی ایل ٹروفی کے ساتھ ہم یہاں دوبارہ پہونچنے کی ممکنہ کوشش کریں گے۔ دو مرتبہ آئی پی ایل چمپین رہے نائیٹ رائیڈرس کو اب تک کھیلے گئے پانچ کھیلوں کے منجملہ چار میں شکست ہوچکی ہے لیکن مستحکم خالص رن ریٹ +0.641 کے سبب وہ ہنوز چار آخری ٹیموں میں ہے اور رن ریٹ کے اعتبار سے ٹیبل پر سرفہرست ممبئی انڈینس کے بعد دوسرے مقام پر ہے۔ شاہ رخ خاں نے کہا کہ ’’بعض میچوں میں ہمیں معمولی رنز سے شکست ہوئی ہے۔ اب مشکل ضرور ہے لیکن صورتحال اب بھی بہتر ہے۔ اب ہمیں تین میچ جیتنا ہوگا۔ کے کے آر کا آئندہ مقابلہ 19 مئی کو بنگلورو سے ہوگا۔ شاہ رخ کی ٹیم کو 2012ء اور 2014ء میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کو مداحوں کی ہمیشہ بھرپور تائید حاصل رہی۔ جب بھی ان کی ٹیم کا مقابلہ رہا، اسٹیڈیمس شائقین سے بھرچکے تھے اور ان میں نصف سے زائد افراد کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے مداح تھے حالانکہ بسااوقات ہمارا کھیل مداحوں کی توقعات کے مطابق نہیں رہا۔ شاہ رخ نے کہا کہ ہماری ٹیم نشب و فراز سے گذرتی رہی ہے۔ کبھی خوشی، کبھی غم جیسے حالات رہے۔ جس کے باوجود ہم کولکتہ کی مدد کے سبب یہ سب کچھ حاصل کرسکے ہیں۔ کولکتہ کے مداحوں کی تائید اور وابستگی ہمیں آگے بڑھا رہی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT