Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / ہم سب دہشت گردی کا پوری طاقت سے مقابلہ کریں گے : راجناتھ

ہم سب دہشت گردی کا پوری طاقت سے مقابلہ کریں گے : راجناتھ

نئی دہلی، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہاکہ ملک کے تحفظ کیلئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام مذاہب اور ذات پات سے وابستہ لوگ متحد ہوکر دہشت گرد طاقتوں کا پوری قوت سے مقابلہ کریں گے۔ وزیرداخلہ سے اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) گروپ کے مبینہ ویڈیو کے بارے میں سوال کیا گیا تھا، جس میں کشمیر، بابری مسجد کی
شہادت اور گجرات و مظفر نگر میں فرقہ وارانہ فسادات کا انتقام لینے کی دھمکی دی گئی۔ راجناتھ یہاں انٹرنیشنل بدھ پورنیما دیوس تقاریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انھوں نے  کہاکہ اِس ملک کو محفوظ رکھنے کیلئے جو کچھ ممکن ہوسکتا ہے ہم وہ تمام اقدامات کررہے ہیں۔ اُن کا یہ احساس ہے کہ اِس ملک کے تمام لوگ خود کو محفوظ تصور کررہے ہیں۔ سب مل کر خواہ اُن کا تعلق کسی مذہب یا ذات سے ہو، دہشت گرد طاقتوں سے پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے اِس موقع پر بتایا کہ دہشت گرد تنظیموں کے اِس طرح کے پروپگنڈہ ویڈیوز سے ملک کے عوام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ایسے ویڈیوز آتے رہے ہیں۔ آئی ایس یا پھر کوئی اور جو اِس طرح کا پروپگنڈہ کررہے ہیں اُس سے ہندوستان کے عوام کے ذہنوں پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔

TOPPOPULARRECENT