Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہم ہند۔ پاک کرکٹ کا موقع نہیں گنواتے : آئی سی سی

ہم ہند۔ پاک کرکٹ کا موقع نہیں گنواتے : آئی سی سی

لندن ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ورلڈ ایونٹس میں انڈیا اور پاکستان کو دانستہ طور پر یکساں گروپ میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ ٹورنمنٹس کی کامیابی کیلئے ایسا کرنا نہایت اہم ہے۔ ہندوستان اور پاکستان آئندہ سال انگلینڈ میں چمپینس ٹروفی کے گروپ مرحلے میں ٹکرانے والے ہیں، اس طرح لگاتار پانچویں ٹورنمنٹ میں سنسنی خیز مقابلہ یقینی ہوا ہے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو ڈیوو رچرڈسن کے حوالے سے ’دی ٹیلی گراف‘ نے کہا: ’’بلاشبہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ انڈیا بمقابلہ پاکستان ہمارے ایونٹ کا حصہ رہے۔ یہ آئی سی سی کے نقطہ نظر سے نہایت اہم ہے۔ اس کی دنیا بھر میں بہت اہمیت ہے اور شائقین کو بھی اس کی توقع رہتی ہے۔ یہ ٹورنمنٹ کیلئے شاندار ہے کیونکہ اس سے بڑی جہت ملتی ہے۔‘‘ تاہم رچرڈسن نے تردید کردی کہ کٹر حریفوں کے درمیان متواتر مقابلہ آئی سی سی ایونٹس کی منصفانہ صفت کو متاثر کرتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا: ’’ہم جو کوشش کرتے اور یقینی بناتے ہیں کہ جب مختلف گروپوں کی درجہ بندیاں جوڑی جاتی ہیں تو وہ یکجا کرکے دیکھیں تو بہ اعتبار تعداد مساوی پوائنٹس ہوتے ہیں۔ آپ یہ مختلف طریقوں سے کرسکتے ہو۔ جب تک مختلف پول میں توازن قائم رہے، تو ایسی صورت میں اس (انڈوپاک میچ) کو ترک کرنا احمقانہ بات ہوگی جبکہ اس کیلئے بہ آسانی گنجائش فراہم کی جاسکتی ہے۔‘‘ آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنمنٹ کی قرعہ اندازی کا یہاں گزشتہ روز اعلان کیا گیا۔ طاقتور ایشیائی حریفوں کا مقابلہ 4 جون کو برمنگھم کے ایجبسٹن میں ہوگا۔ 18 روزہ ٹورنمنٹ یکم تا 18 جون چلے گا اور اس کے مقابلے کارڈف ویلز اسٹیڈیم اور دی اوول ، لندن میں بھی کھیلے جائیں گے۔ آل ایشین میچ سے دو دن قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کھیلیں گے۔ بلحاظ 30 سپٹمبر 2015ء ٹاپ آٹھ ٹیموں بشمول بنگلہ دیش نے اس ٹورنمنٹ کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT