Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / ہند،بیلاروس باہمی تعلقات مستحکم کرنے کے پابند عہد : رامناتھ کووند

ہند،بیلاروس باہمی تعلقات مستحکم کرنے کے پابند عہد : رامناتھ کووند

 

نئی دہلی ۔ 13 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے کل راشٹرپتی بھون میں جمہوریہ بیلاروس کے صدر الکزینڈرلوکاشینکو کا خیرمقدم کیااوران کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔بیلاروس کے صدرکا خیرمقدم کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ ہند اوربیلاروس کے درمیان سفارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے ان کا یہ دورۂ ہند سال 2017 ء میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہند اوربیلاروس کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کا سلور جوبلی برس بھی یہی ہے ۔صدرجمہوریہ نے کہا کہ بیلاروس اوربھارت کے درمیان تجارت کے وسیع ترمواقع موجود ہیں۔ ہند، بیلاروس کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کو مستحکم بنانے کا مشتاق ہے ۔’’میک۔ان ۔انڈیا‘‘ پروگرام دونوں ممالک کی کمپنیوں کو دفاع کے شعبے میں تعاون استوارکرنے کا موقع فراہم کرتاہے ۔ بیلاروس پوٹاش کا بہت بڑا مغزن ہے اور بھارت اس شعبے میں شراکت داری کاخواہشمند ہے ۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہند مختلف ہمہ رخی فورموں جیسے اقوام متحدہ ، نیوکلیائی سپلائرگروپ اور بین الاقوامی کورٹ آف جسٹس میں بیلاروس کی جانب سے حاصل ہوئی حمایت کا اعتراف کرتاہے ۔ہند ، بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لئے پابند عہد ہے ۔ بعدازاں ،اپنی تقریرمیں صدرکووند نے کہا کہ اب تک ہمارے باہمی تعلقات ازحدگرمجوشانہ اوردوستانہ رہے ہیں اور مستقبل میں یہ تعلقات اتنے ہی بالیدہ رہیں گے ۔ کیونکہ دونوں ممالک کا عالمی نقطہ نظرمشترکہ ہے ۔ ہند۔بیلاروس تمام ممالک کی خود مختاری ، جغرافیائی سالمیت اور اتحاد کا احترا م کرتے ہیں ،ہم دونوں ممالک پوری دنیا میں امن اوراستحکام کی حمایت کرتے ہیں اور تمام تنازعات اور کشمکش کا تصفیہ پرامن ذرائع سے کرنے کے حامی ہیں۔دونوں ممالک پوری شدت کے ساتھ ہرقسم کی دہشت گردی اور اس کے مظاہرے کی مذمت کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT