Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / ہندوستان، امریکہ کا ایک سچا دوست اور حلیف ملک

ہندوستان، امریکہ کا ایک سچا دوست اور حلیف ملک

دفاع ، سلامتی کیلئے مل جل کر کام کرنے کا عہد، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے زور، مودی ،ڈونالڈ ٹرمپ کی فون پر بات چیت
نئی دہلی ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ ، ہندوستان کوایک سچا دوست اور حلیف ملک تسلیم کرتا ہے ۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کل رات وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات چیت میں یہ بات بتائی ۔ دونوں قائدین نے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے عالمی لڑائی میں شانہ بہ شانہ کھڑے رہنے پر زور دیا ۔ اس کے علاوہ ہند۔امریکہ دفاعی اور سلامتی امور پر مل جل کر کام کرنے کا بھی عہد کیا ۔ اپنی بات چیت کے دوران دونوں قائدین نے ایک دوسرے کو دورہ کی دعوت دی ۔ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ مودی کا وہائیٹ ہاوز میں خیرمقدم کر نے کے متمنی ہیں جبکہ وزیراعظم مودی نے بھی کہا کہ وہ صدر امریکہ کو دورہ ہند کی دعوت دیتے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ٹیلی فون بات چیت کے دوران صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ امریکہ ، ہندوستان کو ایک سچا دوست تسلیم کرتا ہے اور وہ اس کا ایک بہترین حلیف ملک ہے ۔ ساری دنیا میں ابھرتے چیلنجس سے نمٹنے میں ہندوستان نے ہمیشہ امر یکہ کا ساتھ دیا ہے ۔ وہائیٹ ہاؤز کے ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ دونوں قائدین نے ایک دوسرے کی ستائش کی ۔ صدر ٹرمپ نے اس سال کے اواخر میں ا مریکہ میں وزیراعظم مودی کی میزبانی کی پیشکش کی ۔ دونوں قائدین نے معاشی اور دافعی شعبوں میں وسیع تر بنیادوں پر امریکہ ۔ ہند کے درمیان وسیع تر و مضبوط شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس کے علاوہ دونوں قائدین نے جنوبی و وسط ایشیاء کے خطہ میں سیکوریٹی امور پر بھی بات چیت کی ۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظز نریندر مودی نے یہ طئے کیا کہ ہندوستان اور امریکہ کو دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں شانہ بہ شانہ کھڑا ہونا چاہئے ۔ اب تک دونوں ممالک اس جذبہ کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی جو 20 جنوری کو امریکہ کے نئے صدر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد عالمی قا ئدین سے ٹرمپ کی بات چیت میں 5 ویں لیڈر ہیں، کہا کہ ان دونوں قا ئدین نے آنے والے دنوں میں باہمی تعلقات پر مزید استحکام پیدا کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹ پر لکھا ہے کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کل رات دیر گئے پرجوش طور پر بات چیت کی ہے اور میں نے صدر امریکہ ٹرمپ کو دورہ ہند کی دعوت بھی دی ۔ جواب میں ٹرمپ نے بھی مجھے امریکہ آنے کے لئے کہا اور کہا کہ وہ انہیں دورہ امریکہ کی دعوت دیتے ہیں۔ 8 نومبر کو اپنی تاریخی کامیابی کے ذریعہ ساری دنیا کو حیرت زدہ کرنے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کو مبارکباد دینے والے عالمی قائدین میں وزیراعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں۔ اپنی طوفانی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے ہندوستان کا بھی ایک سے زائد مر تبہ ذکر کیا تھا ۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر انہیں اقت دار کیلئے منتخب کیا گیا تو وہ ہندوستان کے بشمول چند ملکوں کے ساتھ امر یکہ کے تعلقات کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے ۔ اسرائیل کے ساتھ امریکہ کے تعلقات میں مزید استحکام لایا جائے گا ۔ 21 جنوری کو صدر ٹرمپ نے وزیراعظم برطانیہ تھریسا سے بات چیت کی ۔ کناڈا کے وزیراعظم جوسٹن ٹرئیڈیو اور صدر میکسیکو انریکیو فائیٹو سے بھی بات چیت کی ۔ اتوار کے دن ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو سے بات کی اور کل ہی انہوں نے صدر مصر عبدالفتح السیسی سے بھی ٹیلی فون پر ربط قائم کیا۔

TOPPOPULARRECENT