Tuesday , October 17 2017
Home / Top Stories / ہندوستان، امریکہ کا سرکردہ دفاعی ساجھیدار، حکمت عملی کے تعلقات کو اہمیت

ہندوستان، امریکہ کا سرکردہ دفاعی ساجھیدار، حکمت عملی کے تعلقات کو اہمیت

وزیراعظم مودی سے امریکی قومی سلامتی مشیر مک ماسٹر کی ملاقات، اجیت ڈوول اور جئے شنکر سے باہمی و علاقائی اُمور پر بات چیت

نئی دہلی 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج اعادہ کیاکہ ہندوستان اس کا ایک عظیم دفاعی ساجھیدار ہے اور اس کے ساتھ حکمت عملی کے تعلقات کی اہمیت کو اُجاگر کیا جب امریکہ کے قومی سلامتی مشیر ایچ آر مک ماسٹر نے یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات اور اپنے ہندوستانی ہم منصب سے بات چیت کی۔ بعدازاں امریکی سفارتخانہ سے جاری ایک صحافتی بیان میں کہا گیا کہ ’’دونوں فریقوں نے باہمی اور علاقائی اُمور و مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جن میں دفاع اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون اور باہمی مفادات بھی شامل ہیں۔ امریکی سفارت خانہ کے بیان میں ہندوستانی ذمہ داروں سے مک ماسٹر کی ملاقاتوں کو ثمرآور اور فائدہ بخش قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’قومی سلامتی مشیر مک ماسٹر نے امریکہ اور ہند کے درمیان حکمت عملی کے تعلقات کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور ہندوستان کی امریکہ کے ایک سرکردہ دفاعی ساجھیدار سے نامزدگی کا اعادہ کیا‘‘۔ مک ماسٹر، امریکی ٹرمپ انتظامیہ کے وہ پہلے اعلیٰ عہدیدار ہیں جو ہندوستان کے دورہ پر پہونچے ہیں۔ اُنھوں نے معتمد خارجہ جے شنکر سے بھی ملاقات کی۔ امریکی سفارتخانہ کے بیان میں ہا گیا ہے کہ ’’یہ دورہ علاقائی مشاورتوں کا ایک حصہ ہے جس میں کابل اور اسلام آباد میں توقف بھی شامل تھا‘‘۔ وزیراعظم نریندر مودی سے امریکی سلامتی مشیر کی ملاقات کے دوران جانبین نے بشمول دفاع و انسداد دہشت گردی، کلیدی باہمی و علاقائی اُمور و مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کی رہائش گاہ پر کی گئی اس ملاقات کے موقع پر ہندوستانی قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول اور معتمد خارجہ جے شنکر کے علاوہ دیگر کئی اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ قبل ازیں مک ماسٹر اور اجیت ڈوول کے مابین ہند ۔ امریکی تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں بالخصوص باہمی تعلقات میں سکیورٹی کے پہلوؤں پر غور و خوض کیا گیا۔ امریکہ کے قومی سلامتی مشیر گزشتہ شام پاکستان سے یہاں پہونچے تھے۔ پاکستان میں اُنھوں نے وزیراعظم نواز شریف اور چند دیگر سرکردہ ذمہ داروں سے ملاقات کی تھی۔ مک ماسٹر کے نواز شریف سے مذاکرات کے دوران ہند ۔ پاک تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ امریکہ نے پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعہ تمام مسائل کی یکسوئی کی کوشش کریں۔

TOPPOPULARRECENT