Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / ہندوستان، دہشت گردی کیخلاف سخت کارروائی کیلئے تیار

ہندوستان، دہشت گردی کیخلاف سخت کارروائی کیلئے تیار

ایشیائی خطہ کو پرامن بنانے ہم خیال اقوام کیساتھ تعاون پر زور ، نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری کا خطاب

بنکاک۔ 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گردی کی بڑھتی لعنت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ہندوستان نے آج دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے ہم خیال اقوام کے تعاون سے سخت کارروائی کرنے کی پرزور وکالت کی۔ اس خطرہ  سے باہمی تعاون کے ذریعہ ہی نمٹا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قزاقی جیسے غیرروایتی خطرات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ تھائی لینڈ کی پروقار یونیورسٹی میں ماہرین تعلیم، تاجرین اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری نے جنوبی چین کے سمندر میں رونما ہونے والی صورتحال کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات کیلئے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا ہوگا اور وقت کا تقاضہ یہی ہے کہ تمام فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ہندوستان ،آسیان رکن ممالک اور چین کی اجتماعی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور اس خطہ میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے ضابطہ اخلاق کی تدوین کا حامی ہے۔ حامد انصاری نے کہا کہ جنوبی چین کے سمندر کا مسئلہ پیچیدہ ہے جبکہ چین کئی آسیان حلقوں کیساتھ علاقائی تنازعہ میں ملوث ہے۔ چین کا دعویٰ ہے کہ جنوبی چین کا سمندری علاقہ سب سے بڑا بحری جہازوں کی گذر گاہ ہے۔

انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور خطرات کا دونوں ملکوں ہندوستان اور تھائی لینڈ کو سامنا ہے۔ اس طرح کے خطرات کامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔ ہم خیال اقوام ہی یہ تعاون دے سکتے ہیں۔ تھائی لینڈ اور ہندوستان نے اس علاقہ میں ایک دوسرے سے تعاون کو پہلے ہی فروغ دیا ہے اور مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہوتا ہے کہ ہم نے علاقائی سطح پر اس طرح کے تعاون کو ترجیح دی ہے۔ حامد انصاری نے دورۂ تھائی لینڈ کے دوران کئی اہم شخصیتوں سے ملاقات کی۔ انصاری نے یہ بھی تھا کہ ہندوستان اس خطہ میں اپنے دوست ممالک کی توقعات کو پورا کرنے تیار ہے۔ آسیان برادری کی قیادت میں موافق سرگرم رول ادا کردیا ہے۔ آسیان خطہ میں باہمی دفاع تعاون کو فروغ دینے کیلئے فوری اقدامات نہایت ہی ضروری ہیں۔ ہندوستان کی توقع ہے کہ اس تعاون کے ذریعہ تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری گزشتہ نصف صدی میں اس جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی نائب صدرجمہوریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس خطہ کو پرامن بنانے کا نظریہ رکھتا ہے اور اس کے اطراف واقع سمندروں کے تعلق سے یہی یقین کیا جاتا ہے کہ یہ تمام تجارتی روٹس کیلئے ضروری ہیں۔

TOPPOPULARRECENT