Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستانی جونیئر خاتون ہاکی ٹیم نے اسپین کو ہرایا

ہندوستانی جونیئر خاتون ہاکی ٹیم نے اسپین کو ہرایا

ویلیشیا ، 26اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی جونیئر خواتین ٹیم نے ابتدائی میچ میں شکست کی مایوسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میزبان اسپین کو یہاں دلچسپ مقابلے میں تین ۔دو سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں واپسی کر لی ہے ۔ ہندوستان اور اسپین کے درمیان مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا اور میزبان ٹیم نے آغاز میں اپنا دبدبہ بناتے ہوئے 15 ویں منٹ میں کلارا وائی کارٹ کے گول کی بدولت ایک ۔صفرسے برتری بنائی لیکن ہندوستانی خاتون ٹیم نے واپسی کرتے ہوئے 28 ویں منٹ میں برابری کا گول داغ دیا۔ یہ گول جیوتی نے کیا اور دونوں ٹیمیں ہاف ٹائم تک 1-1 کی برابری پر رہیں۔ دوسرے ہاف میں ہندوستان نے پہلے سے زیادہ توانائی کے ساتھ کھیل پیش کیا اور رتو نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے 42 ویں منٹ میں ٹیم کو دو۔ایک سے برتری دلا دی۔ تاہم اس کے دو منٹ بعد ہی اسپین نے برابری کا گول کرکے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا۔ اسپین کے لئے وائیکارٹ نے اپنا دوسرا گول کرکے اسکور 2-2 کر دیا۔  اس کے بعد دونوں ٹیموں نے مڈفیلڈ میں ایک دوسرے کو روکنے کی کافی کوشش کی اور اس کے نتیجے میں اگلے 20 منٹ تک کوئی گول نہیں ہوسکا۔آخری 10 منٹ میں ہندوستان نے بہترین کوشش کی اور 62 ویں منٹ میں سنگیتا کماری نے پھر سے ٹیم کو تین ۔دو سے آگے کر دیا۔ سنگیتا کا یہ گول ہندوستان کیلئے فاتح ثابت ہوا اور اسی کے ساتھ ہندوستان کو تین پوائنٹس بھی حاصل ہوئے ۔ ہندوستانی ٹیم کا اگلا میچ 27 اکتوبر کو جرمنی سے ہوگا جبکہ جونیئر مرد ٹیم اگلے میچ میں بلجیم سے مقابلہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT