Sunday , June 25 2017
Home / عرب دنیا / ہندوستانی ریل نیٹ ورک کو عصری بنانے یو اے ای کی 140بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری

ہندوستانی ریل نیٹ ورک کو عصری بنانے یو اے ای کی 140بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری

وزیر ریلوے سریش پربھو کا دورۂ یو اے ای کامیاب ، متعدد ریلوے پراجکٹس میں رقومات مشغول کی جائیں گی
دوبئی ۔8 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اپنے ریل نیٹ ورک کو عصری نوعیت کابنانے کیلئے 140 بلین امریکی ڈالرس کی سرمایہ کاری کرے گا اور اس کے حصول کے لئے یو اے ای سے مذاکرات کررہاہے تاکہ بروقت فنڈس حاصل کئے جاسکیں۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے یہ بات بتائی ۔ انھوں نے کہاکہ 140 بلین ڈالرس کے منجملہ دو تہائی فنڈس ہندوستان میں ریلوے نیٹ ورک کو عصری نوعیت کے نیٹ ورک میں تبدیل کردینے کے لئے مختص کئے گئے ہیں جس میں نئی ٹکنالوجیز کو متعارف کروایا جائے گا اور ریل نیٹ ورک کی گنجائش میں اضافہ بھی شامل ہے ۔ انھوں نے مزید کہاکہ اُن کا دفتر یو اے ای کے سوویرن ویلتھ فنڈس کے ساتھ مسلسل ربط میں ہے ۔ گلف نیوز نے آج مسٹر پربھو کے حوالے سے یہ بات کہی ۔ سریش پربھو نے کہاکہ ہم نے یو اے ای حکومت کو یہ باور کروانے کی پوری کوشش کی ہے کہ اس وقت ہندوستانی ریلوے انفراسٹرکچرس میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور اس طرح وہاں کے حکام نے اس بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ مسٹر پربھو نے کہاکہ مبادلہ اور ابوظہبی انوسٹمنٹ اتھاریٹی (ADIA) سے ہماری تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ سال 2017 ء میں اس بات چیت کو مزید آگے بڑھایا جائے گا ۔ دوسری طرف ابوظہبی میں واقع ہندوستانی سفارت خانے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سریش پربھو نے 5 تا 7 مارچ یو اے ای کا دورہ کیا تھا جس کے لئے انھیں نائب وزیراعظم اور وزیر برائے صدارتی اُمور شیخ منصور بن زید النہیان نے مدعو کیا تھا ۔ اس طرح سریش پربھو نے مصدر سٹی کا دورہ کیا جہاں انھوں نے مصدر کے سینئر انتظامی ارکان سے ملاقات کی جہاں انھوں نے ہندوستانی ریلویز کے ذریعہ قابل تجدید توانائی کے فروغ اور توانائی کے شعبہ میں خود کفالت کے موضوع پر بھی بات چیت کی ۔ مسٹر پربھو نے کہاکہ وزارت ریلویز کو اس وقت کروڑہا ڈالرس کی ضرورت ہے لیکن فی الحال یو اے ای کی جانب سے جو رقم بھی دستیاب کروائی جائے گی ہم اس رقم کو حاصل کرتے ہوئے ریلویز کے عصری انفراسٹرکچر کے شعبہ میں مشغول کردیں گے ۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ (ADIA) دنیا کا تیسرا اعظم ترین سوویرن ویلتھ فنڈ ہے جس کے اثاثہ جات 92 بلین ڈالرس پر مشتمل ہیں۔ جنوری 2017 ء میں وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کہا تھا کہ اُن کی حکومت ہندوستانی ریلویز کو عصری نوعیت میں تبدیل کرنے کیلئے ’’مشن موڈ‘‘ میں ہے ۔ سریش پربھو نے یہ بھی کہا کہ آئندہ دو سالوں میں ریلویز کے فروغ میں سرمایہ مشغول کرنے کیلئے حکومت ہند نے بھی 65 بلین امریکی ڈالرس جمع کئے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ صرف حفاظتی شعبہ کے لئے ہندوستان نے 16بلین امریکی ڈالر مختص کئے ہیں اور 7 بلین امریکی ڈالرس توانائی کے شعبہ میں خودکفالت کے حصول کیلئے مختص کئے ہیں۔ علاوہ ازیں متعدد پراجکٹس بھی اس وقت مختلف مراحل میں ہیں جیسے ممبئی تا احمدآباد انتہائی تیز رفتار ٹرین جو جاپانی حکومت کے تعاون سے تیار کی جائیگی جبکہ ہندوستان کے دو سب سے زیادہ مصروف روٹس تصور کئے جانے والے جیسے ممبئی تا دہلی اور ممبئی تا کولکتہ کو درمیانی رفتار کی راہداریوں میں تبدیل کردیا جائے گا جبکہ آئندہ پانچ سالوں میں ریلویز کے تین چوتھائی ٹریکس کو برقیانے کا کام بھی مکمل کیا جائے گا ۔ مسٹر سریش پربھو نے کہاکہ اُن کا دورہ یو اے ای بیحد کامیاب رہا اور وہاں کے قائدین سے اُن کی ملاقات حوصلہ افزا اور دلچسپ رہی ۔ ابوظہبی اور دوبئی میں انھوں نے ہندوستانی شہریوں اور ہندوستانی تاجرین سے بھی ملاقات کی ۔ یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہیکہ عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان جو ابوظہبی کے ولیعہد اور یو اے ای کی مسلح فوج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر ہیں نے جنوری 2017 ء میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT