Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / ہندوستانی صنعتکاروں کے بچوں کی ڈاؤس کانفرنس میں شرکت

ہندوستانی صنعتکاروں کے بچوں کی ڈاؤس کانفرنس میں شرکت

ایشیاء آکاش امبانی ‘ کرن ادانی ‘ رشاد پریم جی اہم شرکاء
نئی دہلی۔10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب ساری دنیا کی دولتمند اور طاقتور ترین شخصیات سوئٹزرلینڈ کے تفریحی شہر ڈاؤس میں اپنے سالانہ اجتماع کیلئے جمع ہوں گے ۔ ان میں ہندوستانی صنعت سے وابستہ نئی نسل کے نوجوان بھی شامل رہیں گے ۔ سرکردہ صنعتکاروں مکیش امبانی اور گوتم ادانی کے بچوں کی ڈاؤس چوٹی کانفرنس میں شرکت یقینی ہے ۔ ذرائع کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے 19جنوری سے شروع ہونے والے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے اپنے نام درج کروانے والوں میں ارب پتی صنعتکار اور ادانی پورٹس و ایس ای زیڈ کے سربراہ گوتم ادانی کے بیٹے کرن کے علاوہ ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی کی دختر ایشا اور بیٹے آکاش بھی شامل ہیں ۔ ریلائنس انڈسٹریز کی ڈائرکٹر نیتا امبانی کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ مکیش کے چھوٹے بھائی اور ریلائنس گروپ کے چیرمین انیل امبانی نے بھی ڈاؤس سالانہ کانفرنس میں شرکت کیلئے اپنا نام درج کروایا ہے ۔

ایسار گروپ کے پرشانت روئیا اپنے والد ششی روئیا اور چچا روی روئیا کے ساتھ اس کانفرنس میں شریک ہوں گے ۔ وپرو کے چیرمین عظیم پریم جی اپنے بیٹے رشاد پریم جی کے ساتھ ڈاؤس پہنچ رہے ہیں ۔ ہندوستان کے اہم سرکاری نمائندگان بشمول ارون جیٹلی ‘ آر بی آئی گورنر رگھورام راجن ‘ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ مرکزی وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتارامن اور دیگر کئی وزراء او اعلیٰ عہدیدار بھی اس کانفرنس میں شریک ہوں گے ۔ قبل ازیں یہ توثیق شدہ اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں کہ وزیراعظم نریندر مودی بھی ڈاؤس جائیں گے جہاں پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ان کی ملاقات بھی ہوسکتی ہے ۔ذرائع نے کہا کہ ہبیل خوراکی والا کے بیٹے حذیفہ خوراکی والا ماضی میں بھی ڈاؤس کی کئی کانفرنسوں میں شرکت کرچکے ہیں ۔ چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے دیگر متوقع سرکردہ ہندوستانی صنعت کاروں میں آدی گودریج‘ آنند مہیندرا ‘ سائرس مستری ‘ چندا کوچر‘ ادئے کوٹاک‘ راجیو لعل ‘ سنیل متل ‘ نریش گوئل ‘ سی پی گرناہی ‘ سجن جندال ‘ مدھو کنن ‘ رانا کپور ‘ ہری بھارتیہ ‘ ارون دھتی بھٹاچاریہ اور چندرا شیکھرن شامل ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT