Tuesday , September 26 2017
Home / دنیا / ہندوستانی طالب علم کا گاندھی جی کے اقدار پر زندگی گذارنے کا عزم

ہندوستانی طالب علم کا گاندھی جی کے اقدار پر زندگی گذارنے کا عزم

جوہانسبرگ ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والے اسکولی بچوں کے ایک گروپ نے یہاں مہاتما گاندھی کے اس زمانے کی یادوں کو تازہ کیا جب وہ جنوبی افریقہ میں قیام پذیر تھے۔ اسکولی بچوں کا کہنا ہیکہ مہاتما گاندھی نے جنوبی افریقہ میں جس طرح اپنے ایام گذارے اس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد ان کی (بچوں کی) زندگی میں کافی تبدیلیاں آ گئیں۔ ہندوستانی قونصل جنرل رندھیر جیسوال کی جانب سے ترتیب دیئے گئے ایک پروگرام میں طلباء کے گروپ میں سے ایک طالب علم نے عزم کیا کہ وہ مہاتما گاندھی کے اقدار پر عمل پیرا ہوگا۔ اس نے کہا کہ ہندوستان واپس جانے کے بعد اس کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ مہاتما گاندھی کی طرح زندگی گذارے کیونکہ جنوبی افریقہ کے دورہ نے اس کی طرزفکر کو یکسر تبدیل کردیا ہے۔ طالب علم کا نام کریس لو کوز بتایا گیا ہے۔ اس نے کہاکہ اس ’’یاترا‘‘ نے اس کی شخصیت میں کئی تبدیلیاں کی ہیں لہٰذا میں آپ سب سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہندوستان واپس جانے کے بعد میری زندگی مہاتما گاندھی کی طرز زندگی کی عکاس ہوگی۔ جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والے تمام طلباء کی عمریں 14 سے 17 سال کے درمیان ہیں۔ ان طلباء کو مہاتما گاندھی کی زندگی پر منعقد کئے گئے ایک ٹسٹ مقابلہ کے بعد منتخب کیا گیا۔ 30 طلباء کے گروپ کی قیادت کیرالا کے ماہرین تعلیم، سیاستداں اور میڈیا ہاؤسیس کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT