Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / ہندوستانی عازمین حج کا تخفیف شدہ 20 فیصد کوٹہ بحال

ہندوستانی عازمین حج کا تخفیف شدہ 20 فیصد کوٹہ بحال

نئی دہلی، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اقلیتی امور کی کوششوں کو آج اس وقت بڑی کامیابی ملی جب سعودی حکام نے ہندوستانی عازمین حج کا تخفیف شدہ 20 فیصد کوٹہ بحال کردیا، جو گذشتہ سال سعادت حج سے محروم رہ جانے والے عازمین کی بڑی تعداد کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے ۔مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی کی سعودی حکام اور ہندوستان میں تعینات سعودی سفیر سعود بن محمد اساتی سے مسلسل بات چیت اور کوششوں کے نتیجہ میں سفر حج پر جانے کا ارادہ رکھنے والے ہندوستانیوں کو یہ بڑا تحفہ ملا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سعودی حکومت میں نائب وزیر اعظم اور سعودی سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ محمد بن نائف نے حکومت ہند کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں یہ فیصلہ کیا ہے ۔مختار عباس نقوی نے ہندوستانی مسلمانوں کے مطالبے پر اپنی لگاتار کوششوں کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ خیال رہے کہ حرمین شریفین کی بڑے پیمانے پر توسیع کے لئے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے سعودی حکومت نے سال 2013 میں ساری دنیا کے عازمین کے کوٹے میں تخفیف کردی تھی، جس کی وجہ سے ہندوستانی عازمین حج کے کوٹہ میں اسی وقت سے 20 فیصد کی تخفیف کا سلسلہ جاری تھا، جس کے سبب سفر حج پر جانے والے ہندوستانی مسلمانوں کی بڑی تعداد سعادت حج سے محروم ہوجاتی تھی۔
سعودی حکومت کی طرف سے ہندوستانی عازمین کی تعداد میں تخفیف کی وجہ سے گذشتہ برس تقریبا ً ایک لاکھ 36 ہزار ہندوستانی عازمین سفر حج پر گئے تھے جن میں سے تقریباً ایک لاکھ افراد حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے جبکہ تقریباً 36 ہزار لوگ پرائیویٹ ٹور آپریٹر کے ذریعے سفر حج پر گئے تھے ۔واضح رہے کہ حج 2016 میں ملک بھر کے تقریباً چار لاکھ افراد نے سفر حج پر جانے کے لئے درخواستیں دی تھی لیکں کوٹے میں تخفیف کو ختم کردیئے جانے کے بعد اب حج 2017 میں ایک لاکھ 70 ہزار ہندوستانی عازمین کے سفر حج پر جانے کا راستہ صاف ہوگیا ہے ۔نقوی نے وزارت اقلیتی امور کے آزادانہ چارج لینے کے بعد اقلیتوں کی بہبود کے لئے جو تیز رفتار اقدامات کئے ہیں، ان میں عازمین حج کے کوٹے میں اضافہ ان کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT