Friday , July 28 2017
Home / ہندوستان / ہندوستانی فوج نے اپنے چار سپاہیوں کی ہلاکت کا پاکستانی دعویٰ مستردکردیا

ہندوستانی فوج نے اپنے چار سپاہیوں کی ہلاکت کا پاکستانی دعویٰ مستردکردیا

’پاکستانی فوج روزمرہ بنیاد پر شہری علاقوں کو دانستہ نشانہ بنارہی ہے‘ ، وزیر دفاع اور سربراہان فوج کا صیانتی حالات کا جائزہ

اسلام آباد ؍ نئی دہلی ۔10جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فوج نے گزشتہ روز سرحدپار فائرنگ کے دوران چار ہندوستانی سپاہیوں کو ہلاک کرنے پاکستان کے دعویٰ کو آج مسترد کردیا اور کہاکہ رواں ماہ اُس کا کوئی بھی سپاہی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔ ہندوستانی فوج کے ایک ترجمان نے نئی دہلی میں کہاکہ ’’پاکستانی فوج روزمرہ کی بنیاد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔ اس ( پاکستان ) نے لائن آف کنٹرول کے اُس پار فائرنگ کے واقعات کے دوران شہریوں کو دانستہ طورپر نشانہ بنایا ہے‘‘ ۔ ہندوستانی فوج کو ماہ جولائی کے دوران کی گئی جنگ بندی اور بلا اشتعال خلاف ورزی کے دوران کوئی گزند نہیں پہونچا ۔ ترجمان نے کہاکہ ’’ایک پختہ کار اور ذمہ دار ادارہ کی حیثیت سے ہندوستانی فوج اپنے سپاہیوں کو پہونچنے والے کسی گزند سے ایک منظم ، معتبر اور شفاف نظام کے ذریعہ عوام کو باخبر رکھا کرتی ہے ‘‘ ۔ اس عہدیدار نے کہاکہ ہلاکت کی صورت میں سرکاری ٹوئیٹر ہینڈل اور فیس بُک کے صفحہ پر سپاہی کو خراج عقیدت ادا کیا جاتا ہے ۔ علاوہ ازیں بطور احترام سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جاتی ہیں‘‘ ۔ تاہم ہندوستانی فوج نے کہا پاکستان کی جانب سے دانستہ طورپر شہری علاقوں کو نشانہ بناکر ہفتہ کو کی گئی بلااشتعال فائرنگ میں حوالدار محمد شوکت (برسرخدمت سپاہی ) اور ان کی بیوی اُس وقت ہلاک ہوگئیں جب وہ اپنے گھر کے قریب تھے ۔ پاکستان نے ادعاء کیا تھا کہ اُس نے چار ہندوستانی سپاہیوں کو ہلاک کردیا اور ہندوستان کی ان دونوں سرحدی چوکیوں کو تباہ کردیا جو شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کی جاتی تھیں۔ جس کے جواب میں ہندوستانی فوج یہ بیان جاری کی ہے ۔ پاکستانی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ہندوستان کی فائرنگ میں اس ( پاکستان ) کے پانچ شہری ہلاک ہوئے تھے ۔ پاکستانی فوج نے اپنا دعویٰ ثابت کرنے کیلئے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی ۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غنور نے ویڈیو کے ساتھ ٹوئیٹر پر کہا تھا کہ ’’پاکستانی فوج نے 9 جولائی کو منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجہ میں جان و مال کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔ ہندوستان کی دونوں چوکیاں جو بے قصور شہریوں پر فائرنگ کیا کرتی تھیں تباہ کردی گئیں اور چار ہندوستانی سپاہی ہلاک ہوئے ہیں‘‘ ۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’’پاکستانی فوج ’بلااشتعال ہندوستانی جارحیت ‘ سے اپنے شہریوں کو بدستور بچاتی رہے گی ‘‘ ۔ وزیر دفاع ارون جیٹلی ، مشیر قومی سلامتی اجیت دول اور فوج کے تینوں شعبوں کے سربراہوں نے آج ہندوستان کے خارجی صیانتی چیلنجس اور دہشت گردی کے خطرے کا جائزہ لیا ۔ سربراہان فوج کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ملک کی صیانتی تیاری کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت اور ہرشہری کی ستائش کی کہ انھوں نے مثالی انداز میں فوج ، بحریہ اور فضائیہ کا حوصلہ برقرار رکھا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT