Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / ہندوستانی مسلمان محبت و رواداری کے حامی: مفتی مکرم احمد

ہندوستانی مسلمان محبت و رواداری کے حامی: مفتی مکرم احمد

نئی دہلی۔/7اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مولانا مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم محسن انسانیت ہیں اور قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جو انسانیت کی مکمل رہنمائی انجام دے رہی ہے۔ ہندوستان کے مسلمان اسی کے مطابق اپنی زندگی گزارتے آرہے ہیں، وہ مذہبی نفرت اور فرقہ پرستی سے بہت دور ہیں۔ اخلاق اور اعلیٰ انسانی اقدار کی پیروی کرتے ہوئے وہ برادران وطن کے ساتھ خوشگوار زندگی گزاررہے ہیں انہیں فرقہ پرستی اور دہشت گردی سے جوڑنا ہٹ دھرمی ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہندوستان کی سپریم کورٹ انصاف دلانے میں سست روی کا شکار نظر آرہی ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کے دو سینئر وکلاء نے حال ہی میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور انڈین ہیومن رائٹس کمیشن کو خطوط لکھ کر مطالبہ کیا کہ 17سال سے سپریم کورٹ کے سامنے سری کرشنا کمیشن رپورٹ کے نفاذ کے بارے میں جو پٹیشن زیر غور ہے اس کا فیصلہ جلد کیا جائے تاکہ ممبئی ہائیکورٹ آگے کی کارروائی انجام دے سکے۔ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہونے سے ممبئی ہائی کورٹ اس پر کوئی سماعت نہیں کرپارہی ہے اور سپریم کورٹ نے اتنے اہم مسئلہ پر1992ء کے فسادات متاثرین کو راحت رسانی میں غفلت کرکے انصاف کا خون کیا ہے۔1993ء کے مقدمہ میں تو سپریم کورٹ شب و روز سماعت کرتا ہوا نظر آتا ہے لیکن 1992کے مقدمات کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT