Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / ہندوستانی معیشت کو دانستہ نقصان پہنچانے کا الزام

ہندوستانی معیشت کو دانستہ نقصان پہنچانے کا الزام

آر بی آئی گورنر راجن کو برطرف کرنے وزیراعظم سے سبرامنیم سوامی کا مطالبہ، کانگریس مخالف
نئی دہلی 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آر بی آئی گورنر رگھورام راجن پر تنقید جاری کرتے ہوئے بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ راجن کو فوری برطرف کردیں کیوں کہ وہ ذہنی طور پر مکمل ہندوستانی نہیں ہیں اور دانستہ طور پر ہندوستان کی معیشت کو تباہ کررہے ہیں۔ تاہم سینئر کانگریس قائد جئے رام رمیش نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سبرامنیم سوامی کو اپنے اصل ہدف مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی پر تنقید کرنا چاہئے۔ صرف ڈمی نشانوں پر نہیں۔ آر بی آئی گورنر کھل کر بات نہیں کرسکتے۔ بی جے پی کے ترجمان برائے معاشی اُمور گوپال کرشن اگروال نے کہاکہ سبرامنیم سوامی ایک سینئر قائد ہیں اور اُن کا تبصرہ یقینی طور پر فرق پیدا کرتا ہے۔ تاہم قطعی فیصلہ حکومت کرے گی۔ سبرامنیم سوامی نے کہاکہ یو پی اے حکومت کے مقرر کردہ عہدیدار کو این ڈی اے حکومت کیوں برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ وہ واضح طور پر ہندوستانی معاشی مفادات کے خلاف کام کررہے ہیں۔ ہندوستان میں کئی قوم پرست ماہرین دستیاب ہیں تاکہ اُنھیں آر بی آئی کا گورنر بنایا جائے۔

نئے نامزد کردہ رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے نریندر مودی پر زور دیا کہ ڈاکٹر رگھورام راجن کا تقرر قومی مفاد کے پیش نظر منسوخ کردیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ میں یہ سفارش اِس لئے کررہا ہوں کیوں کہ ڈاکٹر راجن نے ہندوستانی معیشت کو دانستہ طور پر تباہ کردیا ہے اور شرح سود میں افراط زر پر قابو پانے کے بہانے مسلسل اضافہ کررہے ہیں جو تباہ کن ہوسکتا ہے۔ راجن کو سابق یو پی اے حکومت نے سپٹمبر 2013 ء میں تین سال کے لئے آر بی آئی کا گورنر مقرر کیا تھا۔ اِس میعاد میں توسیع کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ سبرامنیم سوامی نے الزام عائد کیاکہ آر بی آئی گورنر کو ہندوستانی معیشت کو بہتر بنانا چاہئے لیکن راجن اِس کو تباہ کررہے ہیں۔ وہ گرین کارڈ ہولڈر ہیں اور اِس کو برقرار رکھنے کے لئے سال میں ایک بار امریکہ جاتے ہیں تاکہ گرین کارڈ برقرار رکھنے کی شرائط کی تکمیل ہوسکے۔ کل مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ایک تقریب میں جس کا موضوع ’’راجن کو دوسری میعاد کے لئے برقرار رکھا جائے یا نہیں‘‘ تھا، تقریر کرتے ہوئے اِس کے بارے میں کسی قیاس آرائی سے انکار کردیا تھا۔ راجن کے پیشروؤں کی میعاد پانچ سال تھی۔ جئے رام رمیش نے کہاکہ آر بی آئی ایک قابل احترام اور عظیم ادارہ ہے جو سیاست سے بالاتر ہے۔ رگھورام راجن انتہائی ممتاز عالمی بینکر ہیں جنھیں فینانس اور مالیاتی معاشیات کا ماہر تسلیم کیا جاتا ہے۔ وہ کسی عوامی تنازعہ میں اُلجھنا نہیں چاہتے۔ اِس لئے وہ سبرامنیم سوامی کی تنقید کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT