Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستانی ٹیم کا کمارسنگاکارا کو خراج

ہندوستانی ٹیم کا کمارسنگاکارا کو خراج

کولمبو17 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی اور ٹیم کے ڈائرکٹر روی شاستری کی قیادت میں موجود ہندوستانی ٹیم نے آج یہاں سری لنکا کے سینئر بیٹسمین اور سابق کپتان کمارا سنگاکارا جنہیں آسٹریلیا کے سابق عظیم بیٹسمین سر براڈ مین اور ہندوستانی ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے ہم پلہ کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے ‘کو خراج تحسین پیش کیا ۔ 37 سالہ سنگاکارا اپنے کیرئیر کا 134 واں اور آخری ٹسٹ میچ دورہ کنندہ ہندوستانی ٹیم کے خلاف جمعرات کو پی سارا اوول میں کھیلیں گے جو کہ جمعرات کو شروع ہورہا ہے ۔ 15سالہ شاندار کیرئیر کے دوران سنگاکارا نے تاحال 12,350 رنز اسکور کئے ہیں ۔ 57.71 کی اوسط سے بنائے گئے ان رنز کے دوران انہوں نے 38 سنچریاں بھی اسکور کی ہیں ۔ علاوہ ازیں 404 ونڈے مقابلوں میں انہوں نے 25 سنچریوں کے ساتھ 14234 رنز اسکور کئے ہیں اس میں 93 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔ اس موقع پر ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے سنگاکارا کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار انسان ہونے کے علاوہ غیر معمولی کھلاڑی بھی ہیں جنہوں نے ایک طویل عرصہ تک سری لنکا کی نمائندگی کی ہے اور ہندوستان کے خلاف وہ اب اپنے کیرئیر کا آخری بین الاقوامی مقابلہ کھیل رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس وقت آخری مقابلے کیلئے سنگاکارا میدان میں اتریں گے تو یہ لمحات ان کیلئے کافی جذباتی ہوں گے کیوں کہ وہ اپنی زندگی کے 20 برس کرکٹ کو دے چکے ہیں۔ کوہلی نے بی سی سی آئی ڈاٹ ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ آخری مرتبہ بین الاقوامی مقابلے میں سنگاکارا کو آوٹ کرنے کیلئے منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے ۔ کوہلی کے بموجب سنگاکارا بائیں ہاتھ کے ایک بہترین بیٹسمین رہے جن کی تکنیک اور کھیل شاندار کیرئر کا ثبوت ہے اور یہ بھی بہ آسانی کہا جاسکتا ہے کہ بائیں ہاتھ کے نوجوان کھلاڑی انہیں اپنا رول ماڈل بنائیں گے ۔ کوہلی نے مزید کہا کہ وہ میدان پر اور میدان کے باہر سنگاکارا سے کئی مرتبہ گفتگو کرچکے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ کرکٹ کے ایک بہترین کھلاڑی آخری مقابلہ ہماری ٹیم کے خلاف ہورہا ہے ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم کے ڈائرکٹر روی شاستری نے سنگاکارا کا موازنہ ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر سے کیا ہے ۔ شاستری کے بموجب سنگاکارا دنیا کے ابتداء دو ‘تین کھلاڑیوں میں بہ آسانی شمار کئے جاسکتے ہیں اور خاص کر جس طرح ٹسٹ میں انہوں نے ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں وہ ان کی کارکردگی کی شاندار مثال ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں سچن کے ساتھ سنگاکارا کو بھی بہ آسانی شامل کیا جاسکتا ہے اور سنگاکارا نے جو کارنامے انجام دیئے ہیں اس پر ہر سری لنکائی شہری کو فخر ہوگا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT