Wednesday , July 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستانی ٹیم کو بی سی سی آئی کی مبارکباد

ہندوستانی ٹیم کو بی سی سی آئی کی مبارکباد

نئی دہلی۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم اور اس کی کھلاڑیوں دپتی شرما اور پونم راوت کو آئر لینڈ کے خلاف ونڈے میں مختلف ریکارڈ بنانے اور بہترین کارکردگی کیلئے مبارک باد دی ہے ۔بی سی سی آئی کے قائم مقام سیکرٹری امیتابھ چودھری نے ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا ہندوستانی خاتون ٹیم چار ممالک کی سیریز میں کئی ریکارڈ قائم کرنے کی جانب گامزن نظر آرہی ہے اور میں انہیں ان کی آل راؤنڈر کارکردگی کے لئے مبارک باد دیتا ہوں۔ پہلے جھولن گوسوامی خاتون ونڈے کی تاریخ کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بنیں اور اب ہمیں مزید نئے ریکارڈ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا موجودہ سیریز میں نہ صرف ہندوستانی خاتون ٹیم مسلسل اچھے کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے بلکہ ہر حریف ٹیم پر بھاری پڑتی نظر آرہی ہیں۔ سال 2017 میں آئی سی سی  ورلڈ کپ کے نزدیک ہونے کے لحاظ سے اس کی کارکردگی اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم اس میگا ٹورنمنٹ میں بھی اسی سلسلے کو برقرار رکھے گی۔جنوبی افریقہ کے پوچپفیسٹروم میں جاری چہار رخی سیریز میں ہندوستانی بیٹس ویمن دپتی اور پونم نے پیر کو آئر لینڈ کے خلاف ونڈے کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لئے45.3  اوورس میں320  رنز کی شراکت داری بنائی  جو خاتون ونڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لئے سب سے زیادہ اسکور ہے ۔دپتی نے 160 گیندوں کی اننگز میں 27 چوکے اور دو چھکے لگا کر 188 رن بنائے اور وہ اب خواتین ونڈے کرکٹ میں دوسری اور ہندوستان کی پہلی بہترین اسکورر بھی بن گئی ہیں۔ اگرچہ وہ صرف12 رن سے اپنی ڈبل سنچری بنانے سے چوک گئی  لیکن کئی ریکارڈوں والے اس میچ میں ہندوستان نے 50 اوور میں تین وکٹ پر 358 رن کا اسکور بنایا جو خاتون ونڈے کا بھی سب سے زیادہ اسکور ہے ۔ وہیں ہندوستان نے آئرلینڈ کو 109 رن پر آل آؤٹ کرکے249  رنز کے فرق سے یہ میچ جیتا جو خاتون ون ڈے میں سب سے بڑی جیت بھی ہے ۔ ہندوستان ٹیم سیریز میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور آئرلینڈ پر دو مرتبہ جیت حاصل کرکے غیر مفتوح رہی ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT