Tuesday , July 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستانی کوچ کیلئے امیدواروںکا آج سلیکشن

ہندوستانی کوچ کیلئے امیدواروںکا آج سلیکشن

چیف کوچ کے عہدہ کیلئے 10 درخواستیں موصول ، روی شاستری سب سے آگے

ممبئی۔ 9جولائی (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کا فیصلہ ہونے میں 24 گھنٹے کا وقت باقی رہ گیا ہے اور ٹیم انڈیا کے سابق ڈائریکٹر روی شاستری کا اس عہدے کے لئے پلڑا بھاری مانا جا رہا ہے لیکن انہیں سابق عظیم سلامی بلے باز ویریندر سہواگ سے سخت چیلنج ملنے کی توقع ہے ۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو چیف کوچ کے عہدے کے لئے اب تک 10 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ روی شاستری، وریندر سہواگ، ٹام موڈی، رچرڈ پایبس، ڈوڈہ گنیش، لال چند راجپوت، لانس کلوجنر، راکیش شرما (عمان قومی ٹیم کوچ)، فل سمنس اور اوپیندر برہمچاری نے اس عہدے کے لئے درخواست دی ہے ۔نئے کوچ سے دو سال کا معاہدہ بھی کیا جائے گا جو 2019 ورلڈ کپ تک کے لئے ہوگا۔انل کمبلے کے استعفی ٰکے بعد یہ عہدہ خالی ہوا ہے ۔پہلے کمبلے نے بھی اس عہدے کے لئے درخواست دی تھی لیکن بعد میں انہوں نے ایک خط میں کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ تعلقات میں تلخی ظاہر کرکے خود کو اس دوڑ سے ہٹا لیا تھا۔ بورڈ نے اس کے بعد درخواست قبول کرنے کی تاریخ اتوار نو جولائی تک بڑھا دی تھی۔بی سی سی آئی کے کارگزار صدر سی کے کھنہ نے کہا تھا کہ ٹیم انڈیا کو 26 جولائی سے اس کا سری لنکا دورہ شروع ہونے سے پہلے نیا کوچ مل جائے گا۔سچن تندولکر، سوربھ گانگولی اور وی وی ایس لکشمن کی تین رکنی ایڈوائزری کمیٹی شارٹ لسٹ امیدواروں کا انٹرویو کرے گی۔سمجھا جاتا ہے کہ چھ امیدواروں سہواگ، پائیبس، راجپوت، شاستری، سمنس اور موڈی کا انٹرویو لیا جائے گا اور اس بات کا پورا امکان ہے کہ شاستری کے نام پر مہر لگ جائے گی اور نئے کوچ کا اعلان پیر کی شام تک ہو جائے گی۔کوچ کے انتخاب کے انٹرویو کا آغاز ایک بجے ہو گا۔اگرچہ اسے ساڑھے 12 بجے سے ہونا تھا لیکن اس وقت لندن میں موجود سچن نے لندن وقت کے حساب سے صبح 8.30 بجے کی بات کی ہے ۔سمجھا جاتا ہے کہ بورڈ کی جانب سے کمیٹی کو واضح پیغام دینا ہے کہ کوچ وہی منتخب کیا جانا چاہئے جس کے ساتھ کام کرتے ہوئے کپتان اور ٹیم کو کوئی پریشانی نہ محسوس ہو۔ شاستری کے کپتان وراٹ کے ساتھ بہترین تعلقات کو دیکھتے ہوئے شاستری کی دعویداری مضبوط تسلیم کی جا رہی ہے ۔ آغاز میں شاستری نے اس عہدے کیلئے درخواست نہیں دی تھی لیکن جب بی سی سی آئی نے درخواست قبول کرنے کی تاریخ 9 جولائی تک بڑھا دی، تو انہوں نے بھی اس عہدہ کیلئے درخواست دے کر مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔

 

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT