Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان آج ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر چوتھی ورلڈ کپ کامیابی کا خواہاں

ہندوستان آج ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر چوتھی ورلڈ کپ کامیابی کا خواہاں

میرپور ۔13 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ناقابل تسخیر ہندوستانی کرکٹ ٹیم انڈر 19 ورلڈ کپ کے چوتھے خطاب کیلئے کل یہاں ٹورنمنٹ کی ایک اور مضبوط ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی ۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین راہول ڈراویڈ کی کوچنگ میں ہندوستانی ٹیم نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے پانچویں فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ جیسا کہ اس نے پہلے لیگ مرحلے کے تینوں مقابلوں میں فتوحات حاصل کی جس کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں بھی اس نے اپنی حریف ٹیموں کو شکست دی ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کل کھیلے جانے والے مقابلے میں اگر ہندوستانی ٹیم کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی چمپیئن بنتی ہے تو وہ 1988 ء میں متعارف کئے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ خطابات حاصل کرنے کے آسٹریلیا کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دے گی ۔ برصغیر سے تعلق رکھنے والی ہندوستانی ٹیم نے آخری مرتبہ 2012 ء میں خطاب حاصل کیا تھا ۔ اس سے قبل اس نے 2008 ء اور 2000 ء میں بھی عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ایک جانب ہندوستانی ٹیم جہاں ناقابل تسخیر ہے وہیں فائنل میں اسے اپنی حریف ویسٹ انڈیز کو آسان حریف تصور نہیں کرنا چاہئے کیونکہ جیسے جیسے ٹورنمنٹ آگے بڑھتا گیا ویسے ہی ویسٹ انڈیز کے مظاہروں میں شاندار بہتری دیکھی گئی ہے ۔ ویسٹ انڈیز نے کوارٹر فائنل میں مضبوط پاکستانی ٹیم کو شکست دی جبکہ سیمی فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کی جانب سے فراہم کئے جانے والے نشانہ کا کامیاب تعاقب کیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم پھر ایک مرتبہ اپنے جارحانہ اوپنرس پر انحصار کرے گی ، جیسا کہ رشپ پنت اور کپتان ایشان کشن نے ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کی ہے ۔ کشن کے نام پانچ اننگز میں صرف ایک نصف سنچری درج ہے تاہم وہ فائنل میں ایک بڑی اننگز کھیلنے کے خواہاں ہیں۔ میڈل آرڈر میں سرفراز خان اور ارمان جعفر اہم کھلاڑی ہوں گے جب کہ بولنگ شعبہ میں اویس خان اور خلیل احمد توجہ کا مرکز ہوں گے ۔ دوسری جانب سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے کپتان شرمن ہٹ میئر اور شامر اسپرنگر پر انحصار کرے گی کیونکہ ٹورنمنٹ میں ان دو کھلاڑیوں نے بھرپور اعتماد کے ساتھ اسپنرس کا سامنا کرنے کے علاوہ دباؤ کے ماحول میں نشانہ کا کامیاب تعاقب کیا ہے ۔ ہندوستانی بیٹسمینوں کا چیمر ہولڈر اور الزاری جوزف کی تیز رفتار گیندوں کے خلاف اہم امتحان متوقع ہے کیونکہ فاسٹ بولروں کی اس جوڑی نے حریف ٹیم کے صف اول کے بیٹسمینوں کو نہ صرف جدوجہد پر مجبور کیا بلکہ ابتدائی اوورس میں ہی پویلین کی راہ دکھانے میں بھی کامیابی حاصل کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT