Monday , August 21 2017
Home / دنیا / ہندوستان آنے والے آسٹریلیائی شہریوں کو نوٹ بندی سے متعلق ضروری ہدایات

ہندوستان آنے والے آسٹریلیائی شہریوں کو نوٹ بندی سے متعلق ضروری ہدایات

ملبورن ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی حکومت نے ہندوستان کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کو ہدایت دی ہی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنی سیاحت یا وہاں قیام  کے دوران اپنی روزمرہ کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ’’نقدی‘‘ پر انحصار نہ کریں۔ اگر ایسا ہوا تو انہیں نقدی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور بعدازاں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کیلئے لمبی قطاروں میں ٹھہرنے کی زحمت بھی اٹھانا پڑ سکتی ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف فارین افیئرس اینڈ ٹریڈ (DFAT) نے کل ایک رہنمایانہ ہدایت جاری کی تھی جس میں وضاحت کی گئی تھی کہ ہندوستان میں 500 اور 1000 روپئے کے پرانے نوٹوں کا چلن بند کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر 500 اور 2000 روپیوں کے نئے نوٹ مارکٹ میں لائے گئے ہیں جبکہ اے ٹی ایمس سے رقومات نکالنے کی بھی  حد مقرر کی گئی ہے جو 4500 روپئے (90 آسٹریلیائی ڈالرس) ہے۔ البتہ کئی اے ٹی ایمس ایسے بھی ہیں جو بیرونی ممالک سے جاری کئے گئے اے ٹی ایم کارڈس کو قبول نہیں کررہے ہیں۔ بیرون ممالک کے شہریوں کو فی ہفتہ 5000 روپئے (100 آسٹریلیائی ڈالرس) بینکس اور فارین ایکسچینج بیورو سے تبادلہ کرنے کی اجازت ہے۔
لیبیا کے ساحل سمندر پر پانچ نعشیں برآمد
طرابلس، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بحیرہ روم میں 80 تارکین وطن کے ایک گروپ کی کشتی پلٹ جانے کے بعد لیبیا کے ساحل سمندر پر آج پانچ تارکین وطن کی نعشیں برآمدکی گئیں۔ لیبیا کی ریڈ کریسنٹ ایجنسی نے یہ اطلاع دی ہے ۔ اس کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے زیادہ تر لوگ سینیگال اور بنگلہ دیش کے شہری ہیں۔
شام سے روسی فوج کی واپسی
ماسکو، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روس نے شام سے اپنی فوج کی واپسی شروع کردی ہے ۔ یہ اطلاع روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی تاس نے آج روس کے جنرل اسٹاف چیف کے حوالے سے دی ہے ۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ صلاح ومشورہ کے بعد شام میں تعینات اپنی فوج کی واپسی شروع کردی ہے ۔ ایجنسی کے مطابق شام سے واپس آنے والے دستے میں پہلی واپسی ایک طیارہ بردار جہاز کی ہوگی۔مسٹر پوتن نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ روس شامی حکومت اور باغی گروپوں کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کے بعد شام میں تعینات اپنی فوج کی واپسی شروع کردے گا۔

TOPPOPULARRECENT