Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / ہندوستان اور یو اے ای میں 7 معاہدوں پر دستخط

ہندوستان اور یو اے ای میں 7 معاہدوں پر دستخط

باہمی تعلقات میں اضافہ ، معاہدوں کا مقصد ،صدرجمہوریہ کی ولیعہد کے اعزاز میں ضیافت،صدر اور ولیعہد شہزادہ کی تقاریر
نئی دہلی ۔ /11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) باہمی تعاون میں اضافہ کرتے ہوئے ہندوستان اور یو اے ای نے آج رات 7 معاہدوں بشمول سائبر سکیورٹی ، کوآپریشن ، سرمایہ کاری اور انشورنس کے شعبوں میں دستخط کئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور ولیعہد شہزادہ ابوظہبی شیخ محمد بن زاید النہیان کے مذاکرات کے بعد معاہدات پر دستخط ہوئے ۔ دونوں کی شخصی بات چیت کے علاوہ وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران دونوں قائدین نے دولت اسلامیہ کے بشمول دہشت گردی سے لاحق خطرے کے خلاف جنگ کی اہمیت پر زور دیا ۔ جملہ 7 معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن میں سے 4 پر دستخط وزیراعظم مودی اور ولیعہد شہزادہ النہیان کی موجودگی میں دستخط ہوئے ۔ متحدہ عرب امارات ایک خودمختار دولت مند مالیتی 800 کھرب امریکی ڈالر رکھتا ہے اور ہندوستان کو امید ہے کہ کئی کلیدی شعبوں میں عرب امارات سے سرمایہ کاری حاصل ہوگی ۔

مودی اور النہیان کی بات چیت وزیراعظم کی قیامگاہ اور وفود کی سطح کی بات چیت حیدرآباد ہاؤز میں ہوئی ۔ علاوہ ازیں عشائیہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ہندوستان ۔ امارات تعاون شدید ہونے کا وزیراعظم مودی نے اپنے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ۔ ولیعہد شہزادہ نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی ، نائب صدر حامد انصاری بھی ملاقات کی اور دورہ کرنے والے شہزادہ کے اعزاز میں صدرجمہوریہ نے ایک ضیافت بھی ترتیب دی تھی ۔ غذائی طمانیت پر بھی تفصیل سے وفود کی سطح کے مذاکرات اور مودی ۔ النہیان مذاکرات کے دوران بھی بات چیت کی گئی ۔ عرب امارات نے کہا کہ وہ 26 لاکھ کا عطیہ دے گا  تاکہ بحیثیت مجموعی ہندوستانی برادری کو ترقی دی جاسکے ۔ ہندوستان عرب امارات کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ تیل پیدا کرنے والے ملک متحدہ عرب امارات کو خام تیل کی قیمتوں میں انحطاط سے سخت دھکا پہونچا ہے اور امکان ہے کہ ہندوستان کے انفراسٹرکچر اور برقی توانائی کے شعبوں میں امارات سرمایہ کاری کرے گا ۔ یو اے ای میں ہندوستان سے اپنی سیارہ مریخ کی مہم میں مدد بھی طلب کی ہے ۔

ابو ظہبی کے ولیعہد شہزادہ کل شام تین روزہ سرکاری دورہ پر ہندوستان پہونچے تھے اور وزیراعظم نے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کیا تھا ۔ متحدہ عرب امارات نے کہا کہ باہمی تعاون میں اضافہ کیلئے ہندوستان کو اپنے محکمہ جاتی اصلاحات پر توجہ دینی چاہئیے ۔ کیونکہ دفتر شاہی کی وجہ سے باہمی روابط متاثر ہوتے ہیں ۔ قبل ازیں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ولیعہد شہزادہ کے اعزاز میں ایک ضیافت ترتیب دی تھی ۔ ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ عرب امارات ہندوستان میں تقریباً تین کھرب امریکی ڈالر مالیتی سرمایہ کاری کرچکا ہے جو توقعات سے بہت کم ہے جبکہ ہندوستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات میں اضافہ کو اولین ترجیح دیتا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ولیعہد شہزادہ کے دورہ اور اس کے وقت سے باہمی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوگا ۔ ولیعہد شہزادہ نے صدرجمہوریہ کے تبصرہ پر گرمجوش ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جوابی خیرسگالی کا مظاہرہ کیا ۔ صدرجمہوریہ کی ضیافت میں وزیراعظم ، وزیر خارجہ اور دیگر اہم شخصیات میں شرکت کی ۔ صدرجمہوریہ نے سب کے ساتھ اجتماعی تصویر کشی بھی کروائی

TOPPOPULARRECENT