Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان آج دوسرے ونڈے میں بھی غلبہ کا خواہاں

ہندوستان آج دوسرے ونڈے میں بھی غلبہ کا خواہاں

مقابلے کا آغاز دوپہر 1.30 بجے ہوگا

نئی دہلی 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) محدود اوورس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کل یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے میں بھی ٹیم کے غلبہ کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔ نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے خلاف بھلے ہی یہ باہمی سیریز ہو لیکن مہندر سنگھ دھونی پر بہتر مظاہرہ کے لئے شدید دباؤ اِس لئے بھی ہے کیوں کہ ٹسٹ کپتان ویراٹ کوہلی نے حریف ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں 3-0 کی ہزیمت برداشت کرنے پر مجبور کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام بھی حاصل کیا ہے۔ 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم 1-0 سے آگے ہے اور کل وہ یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر اِس سبقت کو ایک اور کامیابی کے ذریعہ مزید مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہوگی۔ اُمید کی جارہی ہے کہ دھونی چونکہ کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے قطعی 11 کھلاڑیوں کو تبدیل کرنے کے حق میں نہیں رہتے ہیں لہذا سریش رائنا دوسرے ونڈے میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے کیوں کہ وہ بخار سے مکمل صحتیاب نہیں ہوئے ہیں۔ دھونی پر اِس لئے بھی دباؤ ہے کہ ویراٹ کوہلی بتدریج دیگر طرز کی کرکٹ میں خود کو قیادت کے لئے بہترین جانشین ثابت کررہے ہیں۔

دھرم شالہ میں کھیلے گئے پہلے ونڈے میں ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو کھیل کے تمام شعبوں میں بے بس کرتے ہوئے ایک آسان کامیابی حاصل کی تھی اور کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلہ میں بھی نیوزی لینڈ کو کامیابی کے لئے ایک سخت چیلنج درپیش رہے گا۔ پہلے ونڈے میں یہاں نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کھلاڑی ناکام رہے، دہلی میں کپتان کین ولیمسن کے علاوہ ٹسٹ سیریز میں ناقص مظاہروں کی وجہ سے پریشان رہنے والے سابق کپتان راس ٹیلر پر بھی نہ صرف انفرادی بہتر مظاہرہ کے لئے دباؤ رہے گا بلکہ ٹیم کی کامیابی میں بھی اہم رول کی ادائیگی کے ضمن میں یہ کھلاڑی دباؤ میں رہیں گے۔ ونڈے سیریز میں ٹیم میں شامل ہونے والے ٹم ساؤتھی نے گزشتہ مقابلہ میں نصف سنچری اسکور کی تھی۔ اب ٹیم انتظامیہ کو اِن سے بولنگ شعبہ میں بہتر مظاہرہ کی اُمید ہے۔ دھونی کے لئے بحیثیت کپتان کے علاوہ بحیثیت بیٹسمین بھی یہ مقابلہ اہمیت کا حامل ہوگا کیوں کہ گزشتہ مقابلہ میں جہاں ہندوستانی ٹیم 200 سے کم رنز کے نشانہ کا تعاقب کررہی تھی اُس موقع پر وہ 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تھے اور اب انھیں ونڈے میں 9000 رنز مکمل کرنے کے لئے 61 رنز کی ضرورت ہے۔ کوہلی نے جہاں ٹسٹ سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کی ہے وہیں دھونی کی خواہش ہوگی کہ وہ ونڈے میں 5-0 کی کامیابی کے ذریعہ پھر ایک مرتبہ اپنی قیادت کا لوہا منوائیں۔

TOPPOPULARRECENT