Monday , May 1 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان‘ بیلاروس کو 1-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل

ہندوستان‘ بیلاروس کو 1-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل

ویسٹ وینکوور۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کی سینئر خاتون ہاکی ٹیم نے یوروگوئے کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد یہاں خواتین ہاکی ورلڈ لیگ راؤنڈ ٹو میں بیلاروس کے خلاف 1-0 کی مسلسل دوسری دلچسپ کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندوستان نے اس کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی کرلی ۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ورلڈ لیگ کے اپنے دوسرے پول اے میچ میں وندنا کٹاریا کے 26 ویں منٹ میں واحد گول کی بدولت بیلاروس کو شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی درج کی جس کی بدولت وہ پول اے میں پہلے مقام پر ہے اور سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے ۔یوروگوئے کے خلاف شوٹ آوٹ میں 4-2 کی دلچسپ کامیابی درج کرنے کے بعد بلند حوصلے کے ساتھ ہندوستانی خواتین ٹیم نے بیلاروس کے خلاف بھی مہم کا آغاز جارحیت کے ساتھ کیا۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ہی ٹیموں نے پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن اس پر گول نہیں کر سکیں۔ میچ کے دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے21 ویں منٹ میں ہی اپنا دوسرا پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ہندوستانی ہاکی ٹیم اگرچہ اس مرتبہ بھی موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکی لیکن گزشتہ میچ کی اسٹار ہندوستانی گول کیپر سویتا نے بیلاروس کے22 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کی بہترین کوشش کو ضائع کرکے حریف ٹیم کو برتری لینے سے روک دیا لیکن پھر26 ویں منٹ میں وندنا نے زبردست میدانی گول کرتے ہوئے ہندوستان کو برتری دلا ئی۔ یہ وندنا کا ٹورنمنٹ میں دوسرا گول بھی ہے ۔ہندوستانی ٹیم نے ہاف ٹائم میں ملی اس برتری کو دوبارہ برقرار رکھا ۔ ہندوستان نے ساتھ ہی بیلاروس کے سرکل میں بھی گھسنے کی کوشش کی۔ تیسرے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم نے ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن اسے بھی وہ گول میں تبدیل نہیں کرسکی۔وہیں بیلاروس نے برابری کی کوشش تیز کرتے ہوئے58 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن اس مرتبہ بھی سویتا نے کمال کی ڈائو کے ساتھ حریف ٹیم کو برابری سے روکا اور ہندوستان نے واحد گول کے فرق سے مقابلہ جیت لیا۔ہندوستانی ٹیم کا اب سیمی فائنل میں آٹھ اپریل کو اگلا مقابلہ ہوگا۔ حریف ٹیم کا فی الحال فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT