Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ہندوستان میں اندرون دس سال شدید قحط سالی کا اندیشہ

ہندوستان میں اندرون دس سال شدید قحط سالی کا اندیشہ

2030 ء تک ملک کے 21 شہر پانی سے محروم ہوجائیں گے ، بعض رپورٹس میں انکشاف
حیدرآباد۔14ستمبر(سیاست نیوز) ہندستان کو آئندہ دس برسوں کے دوران شدید قحط سالی کے دورکا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور آئندہ دس برسوں کے دوران ہندستان کے کئی علاقوں کی صورتحال ریگستان جیسی ہو جائے گی۔ حالیہ عرصہ میں منظر عام پر آنے والی رپورٹس کے مطابق 2030 تک ہندستان کے 21شہر پانی سے محروم ہو جائیں گے اور پینے کیلئے پانی دستیاب ہونا بھی مشکل ترین عمل ہوگا۔ پانی کے تحفظ اور اس نعمت کی برقراری کیلئے چلائی جانے والی شعور بیداری مہم کے سلسلہ میں روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام ایک مذاکرہ منعقد کیا جا رہا ہے ۔ 15ستمبر بروز جمعہ صبح 10 بجے ’آشیانہ ‘ روبرو تاج کرشنا ‘ بنجارہ ہلز میں منعقد کئے جانے والے اس مذاکرہ سے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ‘ بانی ایشا فاؤنڈیشن سد گرو جگی واسو دیو اور مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم مخاطب کریں گے۔ ریلی برائے ندیاں کے اس شعور بیداری پروگرام کے دوران منعقد کئے جانے والے اس مذاکرہ کے دوران سد گرو جگی واسودیو شرکاء کے سوال کے جواب بھی دیں گے۔ روزنامہ سیاست اور کووا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس مذاکرہ میں جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب مظہر حسین کووا ‘ کے علاوہ دیگر شریک رہیں گے۔ ہندستانی ندیوں کے تحفظ کے ذریعہ ہی ہندستان کو سیراب رکھا جا سکتا ہے اور زیر زمین پانی کی اہمیت و افادیت کے علاوہ انسان کو پانی کی ضرورت کے متعلق منعقد کئے جانے والے اس مذاکرہ میں مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم اسلام میں پانی کی اہمیت اور افادیت کے علاوہ اسے محفوظ کرنے کی تکید کے متعلق شرکاء سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ کلیدی خطبہ سدگرو جگی واسودیو دیں گے اور ملک کی زیر زمین پانی کی صورتحال کے علاوہ ہندستانی آبادیاتی علاقوں کے لئے ندیوں کی اہمیت سے واقف کروائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT