Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان میں آسٹریلیائی امپائر گیند لگنے سے زخمی

ہندوستان میں آسٹریلیائی امپائر گیند لگنے سے زخمی

چینائی ۔ 2 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی امپائر جان وارڈ رانجی ٹرافی کے میچ کے دوران گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو ‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹاملناڈو میں رانجی ٹرافی کے ایک میچ میں پنجاب کے بیٹسمین بریندر سرن نے حریف میزبان ٹیم کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے گیند کو امپائر کے قریب سے نکالنے کی کوشش کی لیکن گیند امپائر جان وارڈ کے سر پر جالگی اور وہ گراؤنڈ پر گر پڑے۔زخمی امپائر کو فوری طورپر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات
کے مطابق گیند لگنے کے بعد وہ بیہوش ہوگئے تھے۔ مقامی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری وینکاٹرمن نے ان اطلاعات کو مسترد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’امپائر کا بی سی سی آئی کے قوانین کے مطابق مقامی اسپتال میں علاج کیا جارہاہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تاہم انھیں دودن کے لئے اسپتال میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے‘‘۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اسرائیل میں ایک کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے امپائر کی ہلاکت ہوئی تھی۔ حال ہی میں آسٹریلیا میں گریڈ بی کے مقابلوں کے ایک میچ میں بھی امپائر کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا جب آسٹریلیا کے بیٹسمین مچل مارش نے ایڈیلیڈ میں زوردار شاٹ کھیلا تھا جو امپائر کے کان کے قریب لگا تھا تاہم وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔ جان وارڈ کرکٹ آسٹریلیا اور بی سی سی آئی کے مابین میچوں کے انعقاد کیلئے امپائروں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت ہندوستانی ڈومیسٹک سیزن میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT