Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان میں چار ٹسٹ میچس آسان نہیں ہونگے : اسمتھ

ہندوستان میں چار ٹسٹ میچس آسان نہیں ہونگے : اسمتھ

جنوبی افریقی ٹیم کیلئے مشکل سیزن ۔ کھلاڑیوں کو سابق افریقی کپتان کی جانب سے مشورے
جوہانسبرگ 11 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹ کپتان گرائم اسمتھ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ماہ نومبر میں ہندوستان کا دورہ کرنے والی ہے اور وہ اس دورہ کے نتائج کے تعلق سے مایوس ہیں۔ یہ دورہ جنوبی افریقہ کیلئے بہت مشکل ہوسکتا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹسٹ 5 نومبر سے موہالی میں شروع ہونے والا ہے ۔ اسمتھ کا ٹائمز نے یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ وہ قدرے مایوس ہیں۔ یہ ہمارے لئے بہت مشکل دورہ ہسکتا ہے ۔ جنوبی افریقی کرکٹ کیلئے یہ بہت اہمیت کا حامل سیزن ہے ۔ ہمیں ہندوستان کا دورہ کرنا ہے ۔ اس سال کے فوری بعد پھر انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے ۔ یہ دونوں دورے افریقی ٹیم کیلئے کچھ ثابت کرنے کا وقت ہونگے ۔ اسمتھ نے کہا کہ ہندوستان میں چار ٹسٹ میچس آسان نہیں ہونگے ۔ خاص طور پر اس لئے بھی کہ یہاں بہت زیادہ سفر کرنا ہے ۔ یہاں میدان پر عوام کی کثیر تعداد ہوتی ہے اور یہاں پچس پر گیند کو اسپین بھی ملتی ہے ۔ اسمتھ نے کہا کہ وہ اس تعلق سے غور و خوض کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سب کچھ اچھا ہوگا ۔ اگر ہمارا ہندوستان کا دورہ اچھا رہتا ہے تو پھر وہ سمجھتے ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف ان کی ٹیم اچھی کارکردگی دکھاسکتی ہے ۔ اسمتھ نے افریقہ کو ہندوستان کے خلاف 2008 اور 2009 میں سیریز ڈرا کروانے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ اسمتھ کے بموجب جنوبی افریقہ کے پاس آئی سی سی کی جانب  سے پیش کردہ شیڈول پر عمل کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ۔ جنوبی افریقی ٹیم کو 2006 کے بعد بیرونی دورہ میں کسی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا نہیں پڑا ہے ۔ اسمتھ نے کہا کہ ہمارا 2006 کے بعد بیرون ملک کوئی ٹسٹ نہ ہارنے کا ریکارڈ بہت بہترین ہے ۔ انہیں امید ہے کہ ٹیم کے موجودہ کھلاڑی بھی اس ریکارڈ کو برقرار رکھنے کی جدوجہد کرینگے جس پر ہم فخر کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ دورہ کے اعلان کے بعد انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو کچھ مشورے دئے ہیں جو وہ ٹسٹ ‘ ونڈے یا پھر ٹوئنٹی 20 میں اختیار کرسکتے ہیں۔ اسمتھ نے خاص طور پر کوانٹن ڈی کاک کو کچھ مشورے دئے ہیں کیونکہ انہیں مسلسل ناقص مظاہرہ کی وجہ سے قومی ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا اور انہیں ٹیم میں واپسی کیلئے جنوبی افریقہ اے ٹیم کے ساتھ ہندوستان کا دورہ کرنے کو کہا گیا تھا ۔ ڈی کاک نے اس سیریز میں خاطر خواہ کارکردگی دکھائی اور سلیکٹرس نے انہیں دوبارہ دورہ ہند کیلئے ٹیم میں شامل کرلیا ہے ۔ اسمتھ نے کہا کہ ہندوستان میں سمجھ بوجھ کے ساتھ مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT