Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان میں کھیلنے کا سوال نہیں : پی سی بی

ہندوستان میں کھیلنے کا سوال نہیں : پی سی بی

یو اے ای میں کھیلنے سے گریز کی وجہ ہنوز نامعلوم : شہریار خان
نئی دہلی ، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی چیرمین شہریار خان نے بیان کیا ہے کہ پاکستان کیلئے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی تجویز کے مطابق ہندوستان میں باہمی سیریز کھیلنا قابل عمل نہیں ہے۔ شہریار نے ہی سب کو مطلع کیا تھا کہ صدر بی سی سی آئی ششانک منوہر نے پی سی بی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے پاکستان کو مجوزہ باہمی سیریز ہندوستان میں ڈسمبر میں کھیلنے کیلئے مدعو کیا ہے۔ مگر شہریار نے واضح کردیا کہ ایسی سیریز تب ہی ممکن ہوگی بشرطیکہ ہندوستان یو اے ای میں کھیلے، جو پاکستان کرکٹ کا 2009ء سے اختیار کردہ وطن ہے جبکہ لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا تھا۔ شہریار نے ’ای ایس پی این کرک اِنفو‘ کو بتایا کہ ’’ہندوستان میں کھیلنے کا کوئی سوال ہی نہیں۔ مجھے ہنوز یو اے ای میں نہ کھیلنے کی وجہ معلوم ہونے کا انتظار ہے۔ ہم وہاں (ہندوستان کو) 2007ء اور 2012ء میں گئے تھے۔ اب پھر نہیں۔ یہ ہماری (ہوم) سیریز ہے اور ہم ہمارے مقام پر کھیلیں گے جو یو اے ای ہے۔ یو اے ای (متحدہ عرب امارات) میں کھیلنے میں کیا مسئلہ ہے جبکہ وہ اپنی آئی پی ایل بھی (وہاں) کھیل چکے ہیں، تو پھر پاکستان سیریز کیوں نہیں؟‘‘ دونوں بورڈز کے درمیان 2014ء میں دستخط کی گئی یادداشت مفاہمت کے مطابق پاکستان کو ہوم سیریز کیلئے ہندوستان کی میزبانی دو ٹسٹ، پانچ او ڈی آئیز اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے کرنا ہے۔ تاہم اس سیریز کیلئے صرف ایک ماہ کی گنجائش دستیاب ہے کیونکہ ہندوستان 8 جنوری کو آسٹریلیا کا سفر لمیٹیڈ اوور سیریز کیلئے کرے گا، جو 12 جنوری کو شروع ہوگی۔ ہندوستان کی طرح جہاں باہمی سیریز پر قطعی فیصلہ حکومت پر منحصر رہے گا، پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) بھی مجوزہ سیریز کیلئے آگے بڑھنے اپنی حکومت سے قطعی منظوری کا انتظار کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT