Saturday , May 27 2017
Home / Top Stories / ہندوستان نے نابیناؤں کا ٹی 20 ورلڈ کپ جیت لیا

ہندوستان نے نابیناؤں کا ٹی 20 ورلڈ کپ جیت لیا

فائنل میں پاکستان کو 9 وکٹس سے شکست ۔ پرکاش جئے رامیا کے 99 ناٹ آوٹ رنز
نئی دہلی 12 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن ہندوستان نے اپنی روایتی حریف پاکستان کو نابیناوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں نو وکٹس سے شکست دیتے ہوئے مسلسل دوسری بار یہ خطاب جیت لیا ہے ۔ بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستان نے 198 رنوں کے بھاری نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے صرف ایک وکٹس کے نقصان پر 17.4 اوورس میں 200 رنز اسکور کرتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کرلی ۔ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں اس خطابی مقابلہ کیلئے زبردست کارکردگی دکھانے کے بعد اہل ہوئی تھیں۔ دونوں ٹیموں نے لیگ اور ناک آوٹ مرحلہ میں اچھا مظاہرہ کیا تھا ۔ ہندوستان نے اپنے نو میں آٹھ میچس میں کامیابی حاصل کی تھی اور پاکستان سے ایک میچ میں شکست ہوئی تھی ۔ پاکستان نے دونوں مراحل میں اپنے تمام میچس میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ اوپنر پرکاش جئے رامیا نے ٹیم کیلئے سب سے زیادہ 99 ناٹ آوٹ رنز بنائے جس کی بدولت ہندوستان کو اپنے نشانہ کے تعاقب میں مدد ملی ۔

کپتان اجئے کمار ریڈی نے 43 رنز اسکور کئے ۔ پہلی وکٹ کی رفاقت میں دونوں نے 110 رنز جوڑے تھے ۔ کیتن پٹیل نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی اور 26 رن بناکر ریٹائرڈ ہوگئے ۔ تاہم جئے رامیا ایک جانب سے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے اور انہوں نے پاکستانی بولرس کی جم کر پٹائی کی ۔ 60 گیندوں میں 99 رنز کی اننگز میں انہوں نے 15 چوکے لگائے ۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بدر منیر کے 37 گیندوں کے 37 رن کی مدد سے اس نے 20 اوورس میں آٹھ وکٹس کے نقصان پر 197 رنز بنائے ۔ محمد جمیل نے 24 رن بنائے تھے ۔ دوسرے بلے بازوں نے بھی تیزی سے رن بنانے کی کوشش کی تاہم وقفہ وقفہ سے وکٹ گرتے گئے جس کے باوجود پاکستانی ٹیم 197 کے نشانہ تک پہونچ گئی تھی ۔ ہندوستان کیلئے کیتن پٹیل اور جعفر اقبال نے دو دو وکٹس حاصل کئے ۔ اس کے بعد ہندوستانی بلے بازوں نے بہترین مظاہرہ کیا اور انہوں نے ابتدائی 10 اوورس میں 109 رنز بنائے تھے ۔ کیتن پٹیل زخمی ہونے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے اس کے باوجود ہندوستان نے اس نشانہ کو عبور کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ ہندوستان کی ایک وکٹ جو گری وہ رن آوٹ رہی اور ایک بلے باز زخمی ہوئے ۔ پاکستان کے کسی بھی بولر کو ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی اور ہندوستان نے 14 گیندیں قبل ہی مسلسل دوسری بار یہ خطاب جیت لیا ۔

وزیر اعظم مودی اور وزیر اسپورٹس کی مبارکباد
نئی دہلی 12 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اسپورٹس وجئے گوئل نے نابینا افراد کا ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر ٹیم انڈیا کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر آج یہ خطاب جیتا ہے ۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ ہندوستان کی کامیابی پر وہ بہت خوش ہیں۔ وہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں ان کا کارنامہ سارے ملک کیلئے قابل فخر ہے ۔ وزیر اسپورٹس وجئے گوئل نے بھی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ ٹیم کے نام ایک پیام میں انہوں نے کہا کہ نابینا ٹیم نے ہندوستانی کھیل کی تاریخ میں ایک اور سنہرے باب کا اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرالمپکس میں شاندار مظاہرہ کے بعد اس کامیابی سے ہندوستان کی کھیل کی تاریخ میں سنہرے باب کا اضافہ ہوا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT