Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ونڈے چھ وکٹوں سے جیت لیا

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ونڈے چھ وکٹوں سے جیت لیا

ویراٹ کوہلی کے ناٹ آوٹ 85 رنز ۔نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کا ہندوستانی بولرس کے آگے ناقص مظاہرہ جاری

دھرم شالہ 16 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے ویراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچری ( 85 ناٹ آوٹ ) کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ونڈے میں چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ نیوزی لینڈ نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43.5 اوورس میں اوپنر لاتھم کے ناٹ آوٹ 79 رنوں کی بدولت 190 رن بنائے تھے ۔ ہندوستان نے جواب میں تین وکٹس کے نقصان پر 194 رنز اسکور کرتے ہوئے یہ میچ جیت لیا ۔ ہندوستان نے یہ نشانہ 33.1 اوورس میں مکمل کرلیا ۔ جہاں کوہلی 85 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے وہیں کیدار جادھو دس رن پر ناٹ آوٹ رہے ۔ قبل ازیں ہندوستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن اپ ہندوستانی بولرس کے آگے بکھر کر رہ گئی ۔ اس کے اہم بلے باز کوئی خاطر خواہ مظاہرہ نہ کرسکے ۔ اوپنر مارٹن گپٹل صرف 12 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ انہوںنے تین چوکے لگائے ۔ پانڈیا کی گیند پر وہ کیچ آوٹ ہوئے ۔ لاتھم 98 گیندوں میں ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 79 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے جبکہ کین ولیمسن اومیش یادو کی گیند پر تین رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ اومیش یادو نے اس کے فوری بعد کی گیند پر راس ٹیلر کو آوٹ کردیا ۔ کپتان دھونی نے ان کا کیچ لیا ۔ وہ صفر پر آوٹ ہوگئے ۔

 

جیمس اینڈرسن چار رن بناسکے ۔ ہاردک پانڈیا نے انہیںآوٹ کیا ۔ اومیش یادو نے ان کا کیچ لیا جبکہ اس کے بعد لیوک رونچی بھی صفر پر آوٹ ہوگئے ۔ پانڈیا کی گیند پر ہی یادو نے ان کا کیچ لیا ۔ نیشم کو دس رن کے انفرادی اسکور پر کیدار جادھو نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر آوٹ کیا ۔ سانٹنر صفر کے اسکور پر کیدار جادھو کی گیند پر آوٹ ہوگئے ۔ وہ کوئی رن نہ بناسکے ۔ دھونی نے ان کا کیچ لیا ۔ بریس ویل پندرہ رن بناسکے اور امیت مشرا کی گیند پر رہانے نے انہیں کیچ آوٹ کیا ۔ آخری وقتوں میں ٹم ساؤتھی نے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کے اسکور کو 190 تک پہونچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ ساؤتھی نے 45 گیندوں میں تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 55 رن بنائے تھے ۔ امیت مشرا کی گیند پر پانڈے نے انکا کیچ لیا ۔ سوڈھی ایک ہی رن بناسکے اور امیت مشرا نے انہیں ایل بی ڈبلیو کیا ۔ ہندوستان کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور امیت مشرا کو تین تین وکٹس ملے جبکہ اومیش یادو اور کیدار جادھو نے دو دو وکٹس حاصل کئے ۔ جواب میں ہندوستان نے تیز رفتار شروعات کی تھی ۔ روہت شرما ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 14 رن بناکر آوٹ ہوئے جبکہ اجنکیا رہانے نے 34 گیندوں میں دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 33 رن بنائے ۔ روہت کو بریس ویل نے اور رہانے کو نیشم نے آوٹ کیا ۔ ویراٹ کوہلی 81 گیندوں میں ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 85 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ منیش پانڈے 17 رن بناسکے اور سوڈھی کی گیند پر ولیمسن نے ان کا کیچ لیا ۔ کپتان دھونی 21 رن بناکر رن آوٹ ہوگئے جبکہ کیدار جادھو دس رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بریس ویل ‘ نیشم اور سوڈھی کو ایک ایک وکٹ ہی مل سکی ۔

TOPPOPULARRECENT