Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا آج نیدر لینڈ سے اہم مقابلہ

ہندوستان کا آج نیدر لینڈ سے اہم مقابلہ

ریوڈی جنیرو10 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عملاً کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ارجنٹینا کے خلاف کامیابی کے بعد پُرعزم ہندوستانی ہاکی ٹیم کا کل ریو اولمپکس میں گروپ بی کا مقابلہ عالمی نمبر دو نیدر لینڈ سے ہوگا۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم جس نے اپنے افتتاحی مقابلہ میں آئیرلینڈ کے خلاف 3-2 کی کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد اولمپک چمپئن جرمنی کے خلاف شاندار مظاہرہ کرنے کے باوجود 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن گزشتہ رات کھیلے گئے مقابلے میں اس نے ارجنٹینا کو 2-1 سے شکست دیتے ہوئے 6 ٹیموں کے گروپ میں چوتھا مقام حاصل کرلیا ہے۔ ہندوستان کا مقصد اب حتی الامکان گروپ مرحلہ کا بہترین اختتام کرنا ہے تاکہ ٹیموں کے جدول میں بہتر مقام حاصل کرتے ہوئے قطعی 8 ٹیموں کے مقابلوں کے مرحلہ میں عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کا سامنا کرنے سے خود کو محفوظ رکھنا ہے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ٹی آر سریجیش نے کہا ہے کہ ہم نے تین مقابلوں میں شرکت کرلی ہے اور دو مقابلے ہنوز باقی ہیں، اس میں جتنا بہتر ہوسکے ہم مظاہرہ کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ گروپ مرحلہ میں بہتر کارکردگی کے ذریعہ جدول میں جتنا اونچا مقام حاصل کیا جائے تو ناک آؤٹ مرحلہ میں اتنی ہی کمزور ٹیم کا سامنا ہوسکتا ہے جو میڈل تک پہنچانے میں بہتر حکمت عملی ہوگی۔ کپتان نے مزید کہاکہ نیدر لینڈ دنیا کی سرفہرست ٹیم ہے اور اِس کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی سے ہمارے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ تاہم یہ اتنا آسان نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT