Thursday , June 29 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا چیمپئن ٹرافی سے دستبرداری پر غور؟

ہندوستان کا چیمپئن ٹرافی سے دستبرداری پر غور؟

دبئی۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے بگ تھری کے خاتمے کی کوششوں پر ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی)  نے سخت موقف اپناتے ہوئے اپنے خلاف فیصلہ آنے پر چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔رواں سال آئی سی سی کے ورکنگ گروپ کی جانب سے آئینی اور مالی معاملات میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی ہے جس کو آئی سی سی بورڈ نے قبول کرتے ہوئے تبدیلیوں پر غور وخوض اور اراکین کو شامل کرنے کے لئے اپریل میں ہونے والے بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔اس سلسلے میں اجلاس 24 اپریل کو ہو گا جس میں ممکنہ طور پر بگ تھری کے خاتمے کی منظوری دی جائے گی۔آئی سی سی نے 2014 میں تین ملکوں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل بگ تھری کا ایک مضبوط نظام قائم کیا تھا جس کو آئی سی سی سے زیادہ فوائد حاصل ہورہے تھے تاہم اس پر کرکٹ کے غیرجانبدار حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔اس نظام کے تحت مالی اور انتظامی معاملات کے تمام تر اختیارات ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس تھے اور بڑھتے ہوئے ٹی وی حقوق، آئی پی ایل اور دیگر وجوہات کے سبب اس منصوبے کا سب سے زیادہ فائدہ ہندوستان نے اٹھایا۔اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کے ورکنگ گروپ نے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس صورت میں سب سے زیادہ نقصان بی سی سی آئی کو ہو گا جس کی وجہ سے بورڈ نے ابھی سے منصوبے کے خلاف حکمت علمی  شروع کردی ہے۔اس وقت ہندوستان نے چھوٹے بورڈز کی حمایت کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے اس کا ساتھ دینے پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں اور اسے بگ تھری کو برقرار رکھنے کیلئے صرف ایک تہائی اکثریت درکار ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT