Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کو این ایس جی رکنیت کی چین کی زیرقیادت مخالفت

ہندوستان کو این ایس جی رکنیت کی چین کی زیرقیادت مخالفت

ویانا / نئی دہلی ۔ /9 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج این ایس جی کی رکنیت کیلئے میکسیکو کی تائید حاصل کرلی جو حساس نیوکلیر ٹکنالوجی تک رسائی پر کنٹرول کرتا ہے لیکن 48 رکنی این ایس جی کا اجلاس ویانا میں منعقد ہوا جس میں چین نے ہندوستان کو رکنیت کی مخالفت جاری رکھی ۔ یہ اجلاس دو روزہ ہے جس میں ہندوستان کی درخواست پر غور کیا جائے گا ۔ جاریہ کارروائی کے بموجب بیشتر ممالک ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مثبت رویہ رکھتے ہیں اور امریکہ کی جانب سے ہندوستان کی این ایس جی رکنیت کی بھرپور تائید حاصل کی جارہی ہے ۔ تاہم ویانا سے موصولہ اطلاعات کے بموجب چین ہندوستان کی رکنیت کی مخالفت کی قیادت کررہا ہے ۔ دیگر ممالک میں ترکی ، نیوزی لینڈ ، آئرلینڈ ، جنوبی آفریقہ اور آسٹریا چین کے موقف کی تائید میں ہیں ۔ قبل ازیں دن میں نریندر مودی کو میکسیکو کے مختصر دورہ کے دوران اس ملک کی تائید حاصل ہوئی جبکہ صدر امریکہ بارک اوباما ہندوستان کی پہلے سے ہی تائید کررہے ہیں ۔ وزیر خارجہ امریکہ جان کیری نے اپنے ایک مکتوب میں این ایس جی ارکان سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستانی رکنیت کی تائید کریں تاکہ ہندوستان کے داخلے کیلئے اتفاق رائے پیدا ہوسکے ۔ جاریہ ماہ کے اواخر میں این ایس جی کا دوبارہ اجلاس منعقد ہوگا ۔ مودی اور اوباما کی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا جس میں امریکہ نے این ایس جی کے رکن ممالک سے اپیل کی تھی کہ ہندوستان کی این ایس جی رکنیت کو تائید فراہم کی جائے ۔ مودی نے سوئزرلینڈ کا بھی دورہ کیا تھا ۔ یہ ملک بھی این ایس جی کا رکن ہے اور اس نے بھی مودی کو تائید کا تیقن دیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT