Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / ہندوستان کو متحد رکھنے ‘ کثرت میں وحدت کو برقرار رکھنا ضروری

ہندوستان کو متحد رکھنے ‘ کثرت میں وحدت کو برقرار رکھنا ضروری

فرقہ پرستی اور کلچر مسلط کرنے کے خلاف ایک اور جدوجہد ضروری ‘ صدر جمہوریہ کا خطاب
پٹنہ 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ ہندوستان کو متحد رکھنے کیلئے اس کی کثرت کا جشن منایا جانا چاہئے ۔ صدر جمہوریہ نے ہندوستان پر 190 سال کی برطانوی حکمرانی کو سیاہ باب قرار دیا ہے اور کہا کہ ملک کے عوام کو فرقہ پرستی اور ہر طرح کے مفروضات کے خلاف ایک اور جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ صرد جمہوریہ نے مہاتما گاندھی کی چمپارن ستیہ گرہ کی صدی تقاریب کے سلسلہ میں مجاہدین آزادی کو تہنیت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج کا ہندوستان ایک ترقی پذیر معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے اور یہاں ابھرتی ہوئی معیشتوں میں اس کا شرح ترقی سب سے زیادہ ہے تو یہ ہندوستانی کسانوں ‘ فیکٹری ورکرس ‘ کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں ‘ لیباریٹریز میں مصروف سائینسدانوں اور ملک کے عوام کی وجہ سے ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ 190 سال کے برطانوی راج نے ہندوستان پر انتہائی سیاہ باب چھوڑا ہے جسے تاریخ کے طلبا ہندوستان کے وسائل کا ڈرینیج قرار دیتے ہیں۔ ایسے میں ہم کو سامراجی استحصال کے خلاف ‘ مصائب و آلام کی تکالیف کے خلاف ایک اور جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ فرقہ پرستی ‘ فرقہ بندی کے خلاف جدوجہد کری ضرورت ہے ۔ کلچر کو مسلط کرنے کی کوششوں کے خلاف اور تمام اقسام کے مفروضوں کے خلاف جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ ہندوستان کو متحد رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ اس کی کثرت کا جشن منایا جائے ۔ ہندوستان کی نفسیات میں کوئی چیز ہے جو اہمیت کی حامل ہے اور یہی چیز لوگوں کو متحد رکھتی ہے ۔ اس تقریب میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بھی شرکت کی ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان 130 کروڑ عوام کا ملک ہے جہاں تمام بڑے سات مذاہب پر عمل کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام تین نسل کے بڑے گروپس جیسے قفقانی ‘ دراوڑی اور منگولیائی کے ساتھ رہتے ہیں اس کے باوجود ایک نظام ہے ‘ ایک پرچم ہے ‘ ایک دستور ہے ‘ ایک شناخت ہے اور یہ شناخت ہمارے ہندوستانی ہونے کی ہے ۔ یہی چیز ہمارے مجاہدین آزادی نے ہمیں سکھائی ہے ۔ پرنب مکرجی نے عوام سے کہا کہ وہ اس بات کا عہد کریں کہ وہ ہمیشہ ہندوستانی رہیں گے اور ہندوستان کو درست راہ پر آگے بڑھائیں گے ۔ گورنر بہار رام ناتھ کوند ‘ چیف مسنٹر بہار نتیش کمار ‘ ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی پرساد یادو اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو بھی تقریب میں موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT