Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ہندوستان کی ترقی و امن امان کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست

ہندوستان کی ترقی و امن امان کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست

عازمین حج کے ساتویں قافلہ کی وداعی ، تلگو دیشم قائدین نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
حیدرآباد۔17 اگست (سیاست نیوز) حج 2017ء کے لیے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 3150 عازمین حج 7 قافلوں کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ حج ہائوز نامپلی سے آج دو قافلوں کی روانگی عمل میں آئی جن میں 900 عازمین سعودی ایرلائنس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ روانہ ہوئے ہیں۔ تلنگانہ تلگودیشم قائدین نے آج شام عازمین کے 7 ویں قافلہ کو حج ہائوز سے جھنڈی دکھاکر وداع کیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ آر چندر شیکھر رائو، صدر اقلیتی سیل تاج الدین، مولانا قبول پاشاہ شطاری، علی مسقطی، علی گتمی اور دیگر تلگودیشم قائدین نے اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ عازمین حج کی خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر چندر شیکھر رائو نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی کے لیے بھی دعا کی اپیل کی۔ چندر شیکھر رائو نے کہا کہ عازمین حج کے لیے حج کمیٹی کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی۔ مولانا قبول پاشاہ شطاری نے مناسک حج بیان کئے اور عازمین حج کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کریں۔ 7 ویں قافلے نے 7 بجکر 55 منٹ پر اڑان بھری۔ اس قافلہ میں حیدرآباد کے 320، عادل آباد 6 ، کریم نگر 2، کھمم 10 ، محبوب نگر 17، میدک 6، نلگنڈہ 53، رنگاریڈی 27، ورنگل 5 اور نظام آباد کے ایک عازم شامل ہیں۔ اس سے قبل رات دیر گئے ڈھائی بجے 6 ویں قافلہ کو پروفیسر ایس اے شکور نے حج ہائوز سے روانہ کیا۔ چھٹویں قافلہ میں حیدرآباد کے 284، عادل آباد 10، کریم نگر 5، محبوب نگر 21، میدک 2، نلگنڈہ 32، نظام آباد 19، رنگاریڈی 12 اور ورنگل کے 69 عازمین روانہ ہوئے ہیں۔ آر ٹی سی نے عازمین کی روانگی کے لیے آج سے سوپر لکژری بسوں کا انتظام کیا ہے۔ حج ہائوز سے قافلوں کی روانگی کے بعد پروفیسر ایس اے شکور اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ حج ٹرمینل شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچ کر فلائٹ کی پرواز تک انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ایرلائنس کے بشمول تمام محکمہ جات کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ کل 18 اگست کو دو قافلے روانہ ہوں گے۔ پہلا قافلہ جو 50 عازمین حج پر مشتمل ہے، سعودی ایرلائنس کی شیڈولڈ فلائٹس سے 11 بجکر 20 منٹ پر پرواز کرے گا۔ عازمین کی سہولت کے لیے حج کمیٹی نے تمام ضروری امور کی تکمیل کا انتظام حج ہائوز میں کیا ہے۔ انہیں حج ٹرمینل لے جایا جائے گا جہاں سے خصوصی کوچ کے ذریعہ طیارے تک منتقل کیا جائے گا۔ اس طرح اس قافلے کو انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ضروری امور کی تکمیل کی زحمت سے نجات ملے گی۔ دوسرا قافلہ 11 بجکر 25 منٹ کو روانہ ہوگا۔ 19 اگست سے آندھراپردیش کے عازمین کے قافلوں کی روانگی شروع ہوگی جو 21 اگست تک جاری رہے گی۔ 22 اگست کی آخری فلائٹ میں تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین شامل ہوں گے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حج ہائوز پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT