Friday , October 20 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کی ترقی کیلئے سیاسی اتفاق ضروری

ہندوستان کی ترقی کیلئے سیاسی اتفاق ضروری

دیہی شعبہ کی ترقی کی راہ میں چیلنجس کا سامنا ، نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( آئی این این ) : نائب صدر جمہوریہ ایم حامد انصاری نے کہا کہ ملت کو ’ ترقی و پیداوار کا ہندوستان ‘ بنانے والے پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمارے زرعی شعبہ کو معاشی و سماجی کردار میں تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے یہاں زرعی شعبہ میں عوامی سرمایہ کاری اور سبسیڈیز پر قومی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے آل انڈیا کسان سبھا کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر غور کیا جاسکتا ہے ۔ اس سمینار میں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت کو زرعی شعبہ میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لیے بہترین کام انجام دینے ہوں گے ۔ اس کے لیے مضبوط سیاسی عزم کی ضرورت ہے اور ترقی کی سطح کو بلند کرنے کے لیے وسیع تر سیاسی اتفاق رائے بھی پیدا ہونا ضروری ہے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ہم کو ایک سماجی عزم کے ساتھ معاشی ترقی کی خواہش بھی ہونی چاہئے جس کے بعد ہی ہم دیہی شعبہ کی ترقی میں درپیش چیلنجس کا سامنا کرسکتے ہیں ۔ صرف فنڈس جاری کرنے سے مقاصد پورے نہیں ہوں گے بلکہ سماج میں پائے جانے والے معاشی فرق کو دور کرنا ہوگا ۔ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے کہا کہ زراعت کا محور سماجی معاشی کردار کے مطابق ہونا چاہئے ۔ ہندوستان میں ورک فورس کا تقریبا نصف حصہ زراعت پر منحصر ہے ۔ انہوں نے کسانوں کی خود کشیوں کے واقعات کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ زرعی شعبہ کو ترقی دینے میں کوئی کوتاہی نہ کرے ۔ زراعت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور زرعی مصارف میں اضافہ کی ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں بھی بڑے پیمانہ پر ٹیکنیکل تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ جس کے بعد ہی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT