Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف تاریخی ٹسٹ سیریز جیت مکمل

ہندوستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف تاریخی ٹسٹ سیریز جیت مکمل

٭  دہلی ٹسٹ میں 337 رنز سے کامیابی پر سیریز میں 3-0 سے فتح، ہندوستان کا اب نمبر 2 رینک
٭  ہاشم آملہ کی پروٹیز ٹیم نے آخری اننگز میں 143 آل آؤٹ کیلئے 143.1 اوورز کھیلے

نئی دہلی ، 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بولروں نے روی چندرن اشوین کی قیادت میں آج غیرمعمولی صبر و استقلال کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی بوریت بھری مزاحمت آخرکار ختم کردی جس کے ساتھ آخری کرکٹ ٹسٹ میں 337 رنز کی جیت درج ہوئی، جو چار میچ کی سیریز میں 3-0 کی تاریخی فتح کا حصہ بن گئی۔ یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میں کامیابی کیلئے ہمالیائی 481 رنز کی ضرورت کے ساتھ کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ نے اپنی حد درجہ دفاع کی حکمت عملی پر بہت انحصار کیا، یہاں تک کہ وہ محض 143 پر آل آؤٹ کردیئے گئے، جس کیلئے وہ 143.1 اوورز کھیلے۔ آخری پانچ وکٹیں ڈرامائی بکھراؤ میں صرف سات رنز کے عوض گرگئے۔ 3-0 کی سیریز جیت نے ہندوستان کو آئی سی سی درجہ بندی میں نمبر 2 تک پہنچ جانے میں مدد کی ہے۔ یہ بالکلیہ بجا ہوا کہ اشوین (49.1 اوورز میں 5/61) کو قطعی وکٹ حاصل ہوئی جب مورنے مورکل بولڈ ہوگئے، جس کے ساتھ ہی انڈین ڈریسنگ روم اور میدان پر کھلاڑیوں میں خوشی اور جشن کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ کپتان ویراٹ کوہلی اور ’مین آف دی میچ‘ اجنکیا رہانے نے یادگار کے طور پر اسٹمپس اکھاڑ لئے جبکہ کھلاڑی ایک دوسرے کو پُرجوش مبارکباد دینے لگے اور تماشائیوں کا شکریہ بھی ادا کیا، جنھوں نے ٹیم انڈیا کو کھڑے ہوکر داد وتحسین پیش کی۔ پروٹیز ایک موقع پر اے بی ڈی ولیرز (43 رنز، 297 گیندیں) کی وجہ سے ایسا لگا کہ شکست کے منہ سے بچ کر غیرممکنہ ڈرا کا نتیجہ حاصل کرلیں گے، یہاں تک کہ انڈین بولنگ نے آخری سیشن میں اپنا جادو دکھایا، جس میں پیس بولر اومیش یادو نے زبردست اسپل پھینکا اور اشوین نے ڈی ولیرز کی تقریباً چھ گھنٹے کی جدوجہد کا خاتمہ کردیا۔ اس سے قبل کپتان ہاشم آملہ نے بھی کچھ کم مزاحمت نہیں کی۔ وہ 288 منٹ وکٹ پر رہے اور 244 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 رنز بنا کر رویندر جڈیجا کے خلاف بولڈ ہوئے، جو انھیں پہلی اننگز میں بھی آؤٹ کرچکے تھے۔ اشوین کو تمام میچوں میں شاندار آف اسپن پر ’’مین آف دی سیریز‘‘ ایوارڈ دیا گیا۔ اس مؤثر ٹسٹ سیریز فتح نے قبل ازیں کھیلے گئے او ڈی آئیز اور ٹوئنٹی 20 میچز میں ناکامیوں کی عمدہ تلافی کردی۔ اومیش (21 اوورز میں 3/9) کی بھی تعریف ہونا چاہئے کہ انھوں نے فیصلہ کن سیشن میں ڈین ویلاس اور کائل ایبٹ کے اسٹمپس بکھیر دیئے اور ڈین پیٹ کو وکٹ کیپر وردھیمان ساہا کے زبردست کیچ کے ذریعہ پویلین لوٹایا۔ فتح کے امکانات لنچ کے بعد والے سیشن میں اُبھرے جب فاف ڈوپلیسی (10 رنز، 97 گیندیں) کی مزاحمت جڈیجا (2/26) نے ختم کی۔ آئی سی سی درجہ بندی میں ہندوستان کے 100 سے 110 پوائنٹس ہوگئے ، جو آسٹریلیا اور پاکستان سے زیادہ ہیں۔ جنوبی افریقہ چار پوائنٹ کے فرق سے بدستور اول ہے۔
مختصر اسکور: ہندوستان 337 اور 367/5d بمقابل جنوبی افریقہ 121 اور 143۔

TOPPOPULARRECENT