Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کی فائنل پر نظر‘ آج ملائیشیا سے مقابلہ

ہندوستان کی فائنل پر نظر‘ آج ملائیشیا سے مقابلہ

ایپوہ۔14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں ہوئی شکست کی وجہ سے ہندوستانی ہاکی ٹیم کیلئے کل یہاں ملائیشیا کے خلاف کھیلا جانے والا اذلان شاہ ہاکی ٹورنمنٹ کا مقابلہ عملاً سمی فائنل میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ 25ویں اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنمنٹ میں کل ملائیشیا کے خلاف کھیلے جانے والے ہندوستان کو کرو یا مرو صورتحال کا سامنا ہے ۔ رواں ٹورنمنٹ میں کٹر حریف پاکستان کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی 5-1 کے سواء ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے قابل ستائش نہیں ‘ لیکن کل اگر سردار سنگھ کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم ملائیشیا کو شکست دینے میں کامیاب ہوتی ہے تو اس کی فائنل میں رسائی یقینی ہوگی جہاں اس کا مقابلہ عالمی چمپئن آسٹریلیا سے ہوگا ۔ دوسری جانب ملائیشیا کی ٹیم نے پانچ مرتبہ یہ خطاب حاصل کیا ہے اور گذشتہ برس اس نے برونز میڈل حاصل کیا ہے ۔ عالمی چمپئن آسٹریلیا نے پانچ مقابلوں میں پانچ فتوحات حاصل کرتے ہوئے 15نشانات حاصل کئے ہے اور اس کے مظاہرے انتہائی شاندار ہے ۔ ہندوستان کو ملائیشیاء کے خلاف نفسیاتی سبقت حاصل ہوگی کیونکہ اس نے اسی میدان پر گذشتہ برس ملائیشیا کو سلطان اذلان شاہ کپ میں 3-2کی شکست دی ہے ۔ علاوہ ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ بلجیم کے مقام اینٹ ویرپ میں ورلڈ لیگ سیمی فائنلس میں ہوا تھا جہاں ہندوستانی ٹیم نے 3-2کی کامیابی حاصل کی تھی ۔دوسری جانب ملائیشیائی کھلاڑیوں کے ذہنوں میںہندوستان کے خلاف سابق مقابلوں میں ہوئی شکست ضرور رہے گی اور وہ اس کا حساب برابر کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے ۔ملائیشیا کو فائنل میں رسائی کیلئے کافی محنت کرنی ہوگی کیونکہ اگر وہ ہندوستان کو 7 گول سے شکست دینے میں کامیابی ہوتی ہے تب ہی وہ آسٹریلیا کے خلاف فائنل مقابلہ کھیل پائے گی ۔ ہندوستان کے خلاف صرف کامیابی سے وہ نیوزی لینڈ کے نشانات کی برابری کرپائے گی ۔ نیوزی لینڈ کو فائنل میں رسائی سے روکنے کیلئے ضروری ہوگا کہ ملائیشیا اس سے بہتر گول کا فرق حاصل کرے ‘ ورنہ ملائیشیا کو برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑے گا جب کہ ہندوستان کو فائنل میں رسائی کیلئے صرف کامیابی کافی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT