Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کے بعض علاقوں آج جزوی سورج گہن

ہندوستان کے بعض علاقوں آج جزوی سورج گہن

کولکتہ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں مکمل سورج گہن کل نظر نہیں آئے گا۔ ملک کے بعض علاقوں میں صرف جزوی سورج گہن نظر آئے گا۔ ملک کے مشرقی آدھے حصہ میں جزوی سورج گہن دکھائی دے گا۔ بیشتر مقامات پر گہن کا آغاز طلوع آفتاب سے پہلے ہوگا اور طلوع آفتاب سے پہلے ہی اِس کا اختتام ہوجائے گا اِس لئے بیشتر علاقے سورج گہن کا نظارہ کرنے سے محروم رہیں گے۔ اس شاندار سماوی نظارے کو دیکھنا بہت مشکل ہے۔ ڈاکٹر دیبی پرساد دواری ڈائرکٹر ایم پی برلا پلانیٹوریم کولکتہ نے کہاکہ مکمل سورج گہن صرف چند علاقوں میں جو بحر ہند کے ساحل پر واقع ہیں نظر آئے گا۔ مشرقی ایشیائی ممالک جیسے سماٹرا، بورنیو، سلاویسی اور آسٹریلیا کے چند جزائر میں اِسے دیکھا جاسکے گا۔ سورج گہن کا اختتام بحرالکاہل کے وسطی علاقہ میں ہوجائے گا جو کسی بھی ملک سے کافی دور واقع ہے۔ برصغیر ہند کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ وہ اِس شاندار سماوی نظارے کو دیکھنے سے محروم رہیں گے۔ کولکتہ میں طلوع آفتاب کے وقت 5.51 بجے صبح گہن دکھائی دے گا اور 6 بجکر 06 منٹ پر اعظم ترین جزوی گہن دیکھا جاسکے گا۔ سورج گہن کا اختتام کولکتہ میں 6.50 بجے ہوگا۔ تقریباً 18.36 فیصد عوام اس کا نظارہ کرسکیں گے۔ ڈاکٹرس کے بموجب راست سورج گہن دیکھنا بصارت کے لئے خطرناک ہے۔

TOPPOPULARRECENT