Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کے خلاف سری لنکا نیا یونیفارم استعمال کرے گا؟

ہندوستان کے خلاف سری لنکا نیا یونیفارم استعمال کرے گا؟

نئی دہلی ۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ ایسا  پہلا عالمی ایونٹ ہے جہاں ٹیموں کو کہا جارہا ہے کہ وہ اپنی حریف ٹیموں سے ملتے جلتے رنگ کی کٹ استعمال کرنے سے گریز کریں۔ گزشتہ روز دھرم شالہ میں بارش کے باعث ورلڈ کپ کے دو میچز کھیلے نہیں جاسکے لیکن  اس کے باوجود جو خاص بات سب کو نظر آئی وہ آئرلینڈ کے خلاف بنگلہ دیش کے 8 اوورز کی اننگز تھی۔اس اننگز میں میں بنگلہ دیش نے اپنے روایتی سبز رنگ کی کٹ کی بجائے سرخ لباس کو استعمال کیا  اور یہ کوئی فیشن کا اظہار نہیں تھا بلکہ درحقیقت یہ آئی سی سی کی ہدایت ہے کہ جس نے ٹیموں کو کہا ہے کہ وہ اپنی حریف ٹیموں سے ملتے جلتے رنگ کے لباس سے گریز کریں۔3 مختلف ٹیموں کو اس مماثلت سے بچنے کے لئے 2 مختلف رنگوں کی کٹس دی گئی ہیں یعنی جب بنگلہ دیشی ٹیم کا سامنا نیدرلینڈ سے ہوا تو سبز لباس میں کوئی برائی نہیں تھی لیکن آئرلینڈ کے خلاف وہ شوخ سرخ رنگ کی کٹ میں میدان میں اتری۔ اسی طرح سری لنکا اور اسکاٹ لینڈ کے پاس بھی 2 مختلف رنگوں کی کٹس ہیں۔ اسکاٹ لینڈ تو پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے لیکن اس نے زمبابوے کے خلاف نیلی کٹ کو استعمال کیا تو ہانگ کانگ کے خلاف وہ گلابی لباس میں نظر آئی۔ سری لنکا کو پیلی رنگ کی اضافی کٹ فراہم کی گئی ہے جو کہ ممکنہ طور پر ہندوستان  سے سامنا ہونے پر استعمال کی جائے گی۔ جنوبی افریقہ کی کٹ سبز اور پیلے رنگ کے امتزاج سے بنی ہے جس نے اسے پاکستان سے متوقع مقابلے میں کٹ بدلنے سے بچالیا ہے۔ اب ایسا براڈ کاسٹرز کی درخواست پر ہوا یا کسی اور وجہ سے لیکن کرکٹ میں ایک نئی تبدیلی ضرور آگئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT