Friday , July 28 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کے خلاف کامیابی کیلئے انضمام الحق پر عزم

ہندوستان کے خلاف کامیابی کیلئے انضمام الحق پر عزم

کراچی۔8 مئی(سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کے خلاف کامیابی کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل نئے کھلاڑیوں پر بھروسہ کیاجا رہا ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق پر عزم ہیں کہ میگا ایونٹ میں روایتی حریف ہندوستان کو میدان میں قابو کر لیں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں روایتی حریف کیخلاف کامیابی کے ساتھ آغاز انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویراٹ کوہلی کی ٹیم کیخلاف کامیابی کی بدولت میگا ایونٹ میں پاکستان کو ناصرف اچھا آغاز مل جائے گا بلکہ کھلاڑیوں کا حوصلہ بھی بلند ہو گا۔ اس مقابلے کے نتیجے کا اثر سیمی فائنل میں رسائی پر بھی پڑے گا۔ انضمام الحق نے اعتراف کیا کہ آئی سی سی کے مختلف ٹورنمنٹس میں پاکستان کا ریکارڈ ہندوستان کیخلاف بہتر نہیں ہے لیکن انہیں توقع ہے کہ ورلڈ کپ کے بر عکس چیمپئنز ٹرافی میں چار جون کو ہونے والے مقابلے میں نوجوان کھلاڑی ہندوستان کیخلاف بہترین کھیل پیش کریں گے۔سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم تجربہ کار ، نوجوان اور با صلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ٹیم کا اچھا اشتراک بھی بن چکا جس کی بدولت ہندوستان کو شکست دی جا سکتی ہے۔ اس میں شک نہیں کہ مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن زیادہ مضبوط ہے اور اسے میچ میں اس بات کا فائدہ بھی حاصل ہو گا لیکن وہ خود یہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ میں ہر دن مختلف ہوتا ہے اور اس میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ انضمام الحق نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستانی ٹیم میں با صلاحیت کھلاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے جو اہم مقابلے میں سب کو شاندار کارکردگی سے حیران کر سکتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل برمنگھم میں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کیخلاف وارم اپ میچوں سے بھی میگا ایونٹ کیلئے اچھی تیاری مل جائے گی جبکہ برمنگھم میں مئی کے آخری ہفتے میں منعقدہ کنڈیشننگ کیمپ پاکستانی کھلاڑیوں کو مقامی ماحول سے ہم آہنگی میں کافی مدد دے گا۔

TOPPOPULARRECENT