Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کے موجودہ نظام میں تبدیلی کیلئے جرأت مندی ضروری

ہندوستان کے موجودہ نظام میں تبدیلی کیلئے جرأت مندی ضروری

ملک نے تیز رفتار ترقی نہیں کی جیسی چاہئے تھی، آئی اے ایس آفیسرس سے وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب
نئی دہلی 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اُس تیز رفتاری کے ساتھ ترقی نہیں کی جیسی کرنی چاہئے تھی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہ بات کہی اور بڑی تبدیلی کے لئے جرأت مندی کی ضرورت پر زور دیا۔ 2015 ء بیاچ کے آئی اے ایس آفیسرس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ ایسے ممالک جنھوں نے ہندوستان کے بعد آزادی حاصل کی اور جنھیں ہندوستان کے مقابلے وسائل کی کمی کا سامنا تھا، آج ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تبدیلی لانے کے لئے جرأت مندی ضروری ہے۔ اُنھوں نے نوجوان اعلیٰ عہدیداروں سے کہاکہ وہ پرانی ذہنیت تبدیل کریں کیوں کہ اِس طرح کی ذہنیت نئی تبدیلی میں مزاحم ثابت ہورہی ہے۔ ہندوستان کے انتظامی نظام کو ایک نئی توانائی یقینی بنائے۔ وزیراعظم کے دفتر نے جاری کردہ بیان میں کہاکہ نریندر مودی نے انتظامی اُمور کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر اِس نظام میں کسی طرح کی خامی یا نقص ہو تو عہدیدار اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرپاتے۔ اِس نظام کو تبدیل کرنے کے لئے غیرمعمولی تبدیلی لانا ضروری ہے۔ اُنھوں نے نوجوان آفیسرس سے کہاکہ وہ مرکزی حکومت کے سینئر ترین عہدیداروں سے آئندہ تین ماہ کے دوران جبکہ وہ اسسٹنٹ سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے، بھرپور تبادلہ خیال کریں۔ اُن کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش کریں۔ اِس کے نتیجہ میں سکریٹری سطح پر تجربہ کار اور نئے عہدیداروں کی ایک ایسی ٹیم تیار ہوگی جو موجودہ نظام کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ وزیراعظم نے نوجوان آفیسرس سے کہاکہ وہ یوپی ایس سی نتائج کے دن کو یاد کریں جو اُن کی زندگی میں تبدیلی کا حامل تھا۔ اِس کے ساتھ ساتھ اُنھیں جن چیالنجس کا سامنا ہے، اس سے بھی واقف ہوں اور موجودہ نظام کے ساتھ ساتھ عام آدمی میں مثبت تبدیلی لانے کی فکر کریں۔ منسٹر آف اسٹیٹ پرسونل جیتندر سنگھ اور سینئر سرکاری عہدیداران بھی اِس موقع پر موجود تھے۔

 

TOPPOPULARRECENT