Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کے مہیا سراغوں پر پیشرفت کا نواز شریف نے جائزہ لیا

ہندوستان کے مہیا سراغوں پر پیشرفت کا نواز شریف نے جائزہ لیا

اسلام آباد، 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت دو یوم میں اعلیٰ سطح کے دوسرے اجلاس کے بعد پاکستان نے آج کہا کہ اس نے ہندوستان کے مہیا کردہ سراغوں پر ’’پیش رفت کا جائزہ‘‘ لیا ہے جبکہ نئی دہلی نے معتمد خارجہ سطح کی بات چیت کو پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ پر اسلام آباد کی فیصلہ کن کارروائی سے مربوط کر رکھا ہے۔ دفتر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے میٹنگ کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اجلاس نے پٹھان کوٹ حملہ کے واقعہ پر بھی غوروخوض کیا اور اس واقعہ کی پاکستان کی جانب سے مذمت کا اظہار کیا اور ہندوستان کے ساتھ تعاون کیلئے پاکستان کے عہد کا اعادہ کیا تاکہ ہمارے خطہ کو مصیبت میں ڈالنے والی دہشت گردی کی لعنت کا مکمل طور پر صفایا کیا جاسکے۔ دہشت گردی سے مؤثر طور پر نمٹنے اور اس کا خاتمہ کردینے کیلئے پاکستان کے عہد کی مطابقت میں میٹنگ نے حکومت ہند کی فراہم کردہ اطلاع پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس ضمن میں ہندوستان کی حکومت کے ساتھ بدستور ربط میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ہندوستان نے سارا معاملہ کھلے طور پر پاکستان پر ڈالتے ہوئے 15 جنوری کیلئے طے شدہ معتمد خارجہ سطح کی بات چیت کا مقدر اسلام آباد کی پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ پر ’’عاجلانہ اور فیصلہ کن‘‘ کارروائی سے جوڑ دیا، اور اس نے ’’قابل مواخذہ آگاہی‘‘ فراہم کردی ہے۔ اس میٹنگ میں فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز و دیگر شریک ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT